دبئی۔ 23؍فروری (سیاست ڈاٹ کام)۔ متحدہ عرب امارات میں تارکین وطن کی 10 لاکھ آبادی میں کیرالا کے افراد کی اکثریت ہے۔ انھیں قریب کرنے کے مقصد سے عظیم الشان کیرالا فیسٹیول 2014ء کا دبئی میں اہتمام کیا گیا تھا۔ اس کا اختتام مسحور کردینے والے موسیقی ریز پروگرام پر ہوا۔ دبئی کے ونڈرلینڈ امیوزمنٹ پارک میں منعقدہ تین روزہ فیسٹیول کی خصوصیت تہذیبی پروگرام، انوکھے پکوان، روایتی اور کیرالا کے مشہور ڈشس تھے۔ فیسٹیول کا اختتام 4 خاتون فیشن ڈیزائنرس کے ڈیزائن کئے ہوئے ملبوسات کی رسم اجراء پر ہوا۔ نامور اداکار سریش گوپی نے جمعرات کے دن اس فیسٹیول کا افتتاح کیا تھا جس میں مختلف علاقوں کے فنکاروں نے عوام کو محظوظ کیا
جن میں سینکڑوں ملیالم عوام ہفتہ وار تعطیل کے دن جمع تھے۔ دبئی میں یہ فیسٹیول ہر سال منایا جائے گا۔ منصوبہ بنایا جارہا ہے کہ اس میں برطانیہ اور دیگر ممالک کو بھی شامل کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ملیالی عوام کے وسیع تر گروپس بھی مدعو کئے جائیں گے۔ کیرالا کے مقبول عام فنونِ لطیفہ، مصوری کے شو اور نمائشوں کے علاوہ کشیدہ کاری، پکوان، مختصر کہانیوں اور مختصر فلموں کے مقابلے بھی منعقد کئے جائیں گے۔ یہ فیسٹیول 10 خاتون صنعت کاروں کو اپنے ڈیزائنر ملبوسات اسٹالس پر بطور نمائش پیش کرنے کا ایک پلیٹ فارم بھی ہے۔ روزنامہ ’خلیج ٹائمس‘ میں فیسٹیول کی روئیداد شائع ہوئی ہے۔