دبئی ۔ 4 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) دنیا کی سب سے بڑی انڈور اسکی ڈھلان جو تقریباً 1.2 کیلو میٹر طویل ہوگی، دبئی میں تعمیر کی جائے گی، جہاں کئی وسیع شاپنگ مالس اور فلک بوس عمارتیں موجود ہیں۔ محکمہ سیاحت کے ایک ترقیاتی پراجکٹ کے مطابق 1.2کیلو میٹر طویل برف کا حلقہ دنیا کے وسیع ترین فوارے سے متصل تعمیر کیا جائے گا جو ایک شاپنگ مال، رہائشی ٹاور اور فائیو اسٹار ہوٹل سے مربوط ہوگا۔ یہ پراجکٹ 36 لاکھ 70 ہزار مربع میٹر کا احاطہ کرے گا۔ دبئی کے حکمراں شیخ محمد بن راشد المختوم نے کل اس کا افتتاح کیا۔ پراجکٹ کے پہلے مرحلہ کی تکمیل 2020ء سے قبل ہوجانے کی امید ہے۔ پراجکٹ کی لاگت تاہم ظاہر نہیں کی گئی۔ 25 ہزار مربع میٹر کا احاطہ کرنے والے میڈان ون مال میں ایک 150×80 میٹر رقبہ کا چھت بھی ہوگا۔