دبئی میں حادثہ پر ہندوستانی کو ایک ملین درہم معاوضہ

دبئی ، یکم اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ایک ہندوستانی کو کار حادثہ میں مفلوج ہوجانے کے بعد دبئی کی ایک عدالت نے بطور معاوضہ ایک ملین درہم (272,257 امریکی ڈالر) عطا کئے ہیں ۔ 47 سالہ ہندوستانی شخص جس کی شناخت صرف اُس کے نام کے ابتدائی حروف اے کے سے کی گئی ہے ، 2012 ء کے ایک حادثہ کے بعد کوئی بھی چیز کھانے یا پینے کی صلاحیت سے محروم ہوگیا اور اُسے 24 گھنٹے اعانت درکار ہوتی ہے ۔ یہ شخص جو باورچی کی حیثیت سے 17 سال کام کیا ، ابوظہبی سے فجیرہ کا سفر کررہا تھا کہ اُس کی گاڑی کا ڈرائیور سوگیا اور کار بے قابو ہوکر دبئی بائی پاس روڈ پر اُلٹ گئی تھی ۔ اس شخص کی طرف سے انشورنس کمپنی کے خلاف دیوانی مقدمہ دائر کیاگیا تھا۔

عمانی طلبہ کو اسکالرشپس میں اضافہ
دبئی، یکم اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے عمانی اسٹوڈنٹس کو باہمی اعانت کے ایک پروگرام کے تحت اسکالرشپس کی تعداد 150 تک بڑھا دی ہے ۔ ہندوستانی سفیر برائے عمان جے ایس مکل نے کہا کہ ہندوستانی تکنیکی اور معاشی تعاون پروگرام کے تحت سال 2011-12ء میں صرف 50 اسکالرشپ دیئے گئے ۔ اب یکم اپریل سے یہ 150 ہوجائیں گے جو 200 فیصدی اضافہ ہے ۔ انھوں نے عمانی حکومت سے استفادہ کی اپیل کی ۔