دبئی اوپن میں فیڈرر کو حیران کن شکست

دبئی۔2 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلین اوپن چمپئن سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر کو یہاں دبئی اوپن ٹینس ٹورنمنٹ کے دوسرے راؤنڈ میں دنیا کے 116 ویں نمبر کے کھلاڑی روس  کے یوزنی ڈونسکک کے خلاف حیران کن شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ مرد سنگلز کے دوسرے راؤنڈ میں فیڈرر کو روسی کھلاڑی نے 3۔6 ،7۔6 ،7۔6 سے شکست دے کر باہر کر دیا۔اپنا 18 واں گرانڈ سلام جیتنے کے بعد یہ سوئس ماسٹر کا پہلا ٹورنمنٹ ہے۔فیڈرر نے دوسرے سیٹ میں تین میچ پوائنٹس گنوائے اور تیسرے سیٹ میں 5۔2 کی برتری بنائی لیکن 26 سالہ ڈونسکک نے واپسی کرکے سٹ اور میچ اپنے نام کر لیا۔سابق نمبر ایک اور تیسرے سیڈ فیڈرر دبئی اوپن میں سات مرتبہ کے چمپئن رہ چکے ہیں۔اس سے پہلے ٹاپ سیڈ برطانیہ کے اینڈی مرے نے گلیرمو گارسیا لوپیز کو 6۔2 ،6۔0 سے شکست دے کر آخری 16 میں جگہ بنائی۔