بودھن ۔ 26 نومبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سابق ریاستی وزیر آبپاشی مسٹر سدرشن ریڈی نے آج یہاں ایک فنکشن ہال میں منعقدہ کانگریس پارٹی کی رکنیت سازی مہم کے اجلاس سے مخاطب کرتے ہوئے چیف منسٹر ریاست تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے مطالبہ کیا کہ ٹی آر ایس پارٹی اپنے انتخابی منشور پر عمل آوری کا آغاز کردے ‘ورنہ برسراقتدار حکومت کو عوامی احتجاج کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ مسٹر سدرشن ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس نے اپنے انتخابی وعدوں میں تلنگانہ کے تمام بیروزگار نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے مسلم اقلیت کو 12فیصد تحفظات فراہم کرنے کے علاوہ یہاں حلقہ اسمبلی بودھن میں واقع سابق نظام شوگر فیکٹری شکر نگر کو حکومت کے زیرانتظام چلانے کا وعدہ کیا تھا لیکن ٹی آر ایس پارٹی ریاست تلنگانہ میں برسراقتدار آئے ہوئے تقریباً چھ ماہ کا عرصہ گذر چکا ہے تاحال مسٹر کے سی آر نے اپنے کسی بھی انتخابی وعدے کی تکمیل کیلئے پہل نہیں کی ۔ مسٹر ریڈی نے کہا کہ غریب شیڈول طباقت کو کے سی آر نے فی خاندان تین ایکڑ اراضی اور پسماندہ طبقات کو دو کمروں و آنگن پر مشتمل مکانات تعمیر کر کے دینے کا وعدہ کیا تھا ۔ مسٹر ریڈی نے کہا کہ کے سی آر اپنے انتخابی وعدوں پر جلد عمل آوری کا آغاز نہ کریں تو پھر برسراقتدار حکومت کو عوامی احتجاج کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ اس احتجاج کی قیادت کانگریس پارٹی کرے گی ۔ انہوں نے سرکاری عہدیداروں کو انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ عہدیدار کسی دباؤ کے بغیر اپنی خدمات انجام دیں ‘ ورنہ انہیں قانونی چارہ جوئی کا سامنا کرنا پڑے گا ۔مسٹر ریڈی نے کہا کہ داغدار عہدیدار اور قائدین کا ٹھکانہ جیل ہے ۔ قبل ازیں صدر ضلع کانگریس طاہر بن حمدان نے مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ ضلع نظام آباد میں رکنیت سازی کا نشانہ ایک لاکھ 25ہزار افراد ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہر ایک حلقہ اسمبلی سے 10تا 15 ہزار افراد کو پارٹی کی رکنیت دی جائیگی ۔صدر میناریٹی سیل بودھن سید رفیع الدین رفاعی نے ٹی آر ایس پارٹی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کے سی آر مسلمانوں کو 12فیصد تحفظات فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن کے سی آر تلنگانہ ریاست اسمبلی کیلئے منتخب ہونے والے واحد رکن اسمبلی کو اپنی کابینہ میں جگہ فراہم نہیں کی ۔ انہوں نے کے سی آر کو قول و فعل میں تضاد پائے جانے کا چیف منسٹر تلنگانہ پر الزام عائد کیا ۔ قبل ازیں ریاستی صدر شعبہ خواتین اے للیتا اور سابق چیرمین لڈکیاپ جی گنگا دھر ‘ ضلع صدر ڈی سی سی بی ‘ پٹواری گنگادھر راؤ ‘ عابد سیٹھ و دیگر نے خطاب کیا ۔ اس رکنیت سازی مہم کے اجلاس کی صدارت صدر ٹاؤن کانگریس گناپرساد نے کی ۔ اس موقع پر گنگاشکر‘ مبین خان صدور منڈل پریشد کے علاوہ ناگابھوشنم ‘ لاوانیا ‘ سرینواس گوڑ زیڈ پی ٹی سی اور ایم پی ٹی سی سرپنچ ارکان بلدیہ کے علاوہ سابق صدر نشین اگریکلچر مارکٹ کمیٹی بودھن شیخ محی الدین پاشاہ ‘ جمیل الیاس ‘ گنگا دھر گوڑ ‘ ارشد ‘ مقصود پاشاہ ‘ شیخ فصیح‘ محمد ابراہیم ظہیر و دیگر کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی ۔ سابق ریاستی وزیر کا شہر کے ویلکم گیٹ اچن پلی سے فقید المثال خیرمقدم کیا گیا اور کثرت سے گلپوشی و شالپوشی کی گئی ۔