بغداد۔ 20 جنوری۔( سیاست ڈاٹ کام ) عراق اور شام میں سرگرم انتہا پسند تنظیم ’داعش‘نے دھمکی دی ہیکہ اگر ٹوکیو نے 72 گھنٹوں کے اندر دو جاپانی شہریوں کی رہائی عوض 200 ملین ڈالر مالیت کا ’فدیہ‘ادا نہ کیا تو داعش کے پاس موجود ان یرغمالیوں کو ہلاک کر دیا جائے گا۔اس امر کا انکشاف انٹرنیٹ کے ذریعے سامنے آنے والی ویڈیو میں کیا گیا ہے۔ یہ ویڈیو انتہا پسندوں کی خبروں کی ترویج کیلئے مشہور ویب سائٹس پر گذشتہ روز اپ لوڈ کی گئی تھی۔ویڈیو میں نارنجی کپڑوں میں ملبوس گھٹنوں کے بل زمین پر بیٹھے دو ایشیائی باشندوں کے پیچھے چھری ہاتھ میں لئے کھڑا نامعلوم سیاہ پوش جاپانیوں کو یہ پیغام دے رہا ہے: ’’آپ کے پاس اپنی حکومت پر دباؤ ڈالنے کیلئے صرف 72 گھنٹے کا وقت باقی رہ گیا ہے کہ وہ آپ کے دو ہم وطنوں کی زندگی کے عوض دو سو ملین ڈالر مالیت کا ’فدیہ‘ ادا کریں‘‘۔