انقرہ۔ 24 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ترکی داعش کے خلاف کارروائی کے لیے امریکہ کو اہم فضائی اڈہ استعمال کرنے کی جلد اجازت دے گا۔ امریکی حکام کے مطابق دونوں ملکوں کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ہے کہ امریکی طیارے داعش کے خلاف فضائی حملوں کے لیے جنوبی ترکی میں واقع انسرلک ایئر بیس استعمال کریں گے۔ معاہدے کے تحت امریکہ کے لڑاکا اور جاسوس طیارے شام میں داعش کے خلاف کارروائی کے لیے یہی فضائی اڈہ استعمال کریں گے۔ حکام کے مطابق یہ معاہدہ کئی ماہ سے جاری مذاکرات اور گزشتہ روز صدر اوباما اور ترک ہم منصب طیب اردغان کے درمیان ٹیلی فون پر گفتگو کے بعد طے پایا ہے۔ وائٹ ہاوس کے ترجمان جوش ارنسٹ کے مطابق دونوں رہنماوں نے داعش کے خلاف مشترکہ کارروائی کے لیے مشترکہ اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔