دبئی ۔ 4 نومبر۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈٹرمپ نے کہاکہ داعش تنظیم کو امریکہ کے خلاف ہر حملے کی ’’بھاری قیمت ‘‘چکانی پڑ ے گی۔ جمعہ کے روز اپنی ٹوئیٹ میں ان کا کہنا تھا کہ داعش کے ایک حامی شدت پسند کی جانب سے نیویارک میں ٹرک کے ذریعے راہ گیروں کو کچلنے کے واقعے کے بعد امریکی فوج نے گزشتہ دو روز میں تنظیم کو ’’زیادہ‘‘ طاقت سے نشانہ بنایا ہے۔ داعش نے حملہ آور کو اپنا ایک ’’سپاہی‘‘ قرار دیا تھا۔ کارروائی میں 8 افراد ہلاک اور 12 زخمی ہوئے۔داعش تنظیم نے اپنے ایک ویب میگزین کے ذریعے نیویارک میں منگل کے روز ہونے والے اس ٹرک حملے کی ذمے داری قبول کی تھی۔ تنظیم نے ہفتہ روزہ میگزین ’’النب‘‘ میں بتایا کہ دولت اسلامیہ کے ایک سپاہی نے منگل کے روز نیویارک میں ایک سڑک پر متعدد صلیبیوں پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 20 سے زیادہ صلیبی مارے گئے اور زخمی ہوئے۔ٹرمپ نے چہارشنبہ کے روز ازبک حملہ آور سیف اللہ سایپوف کو سزائے موت دینے کا مطالبہ کیا جس نے نیویارک کے حملے میں راہ گیروں کو کچل ڈالا تھا۔