داعش کا مشتبہ حامی انجینئرنگ طالب علم گرفتار

پولیس نے عراق جانے والے نوجوان کی کوشش کو ناکام بنادیا
حیدرآباد /16 جنوری ( پریس نوٹ ) سائبرآباد پولیس نے انجینئیرنگ طالب علم سلمان محی الدین کو راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ شمس آباد سے اس وقت گرفتار کرلیا جب وہ دبئی کے ذریعہ شام سے ہوتے داعش میں شمولیت اختیار کرنے کیلئے روانہ ہو رہا تھا ۔ 32 سالہ سلمان محی الدین ساکن بازار گھاٹ نے امریکہ میں تعلیم حاصل کی اور بعد ازاں وہاں پر قیام کے دوران نومسلم برطانیہ کی لڑکی نکی جوزف عرف عائشہ جو موجودہ دوبئی میں مقیم ہے سے رابطہ قائم کیا اور داعش میں شامل ہونے کی غرض سے دوبئی جانے کی کوشش کر رہا تھا کہ اسے گرفتار کرلیا گیا ۔ پولیس نے دعوی کیا ہے کہ عائشہ اور سلمان نے سوشیل نیٹ ورکنگ ویب سائٹس فرضی شناختوں سے اکاونٹس بنائے اور کئی نوجوانوں کو داعش میں شامل ہونے کیلئے راغب کر رہے تھے ۔ سال 2014 اکٹوبر میں ہندوستان واپس لوٹ کر حیدرآباد میں مقامی نوجوانوں اور ملک کے دیگر مقامات سے تعلق رکھنے والے نوجوان افراد کو شام اور عراق میں سرگرم داعش میں شامل ہونے کیلئے راغب کر رہا تھا ۔ پولیس نے مزید دعوی کیا ہے کہ سلمان دوبئی سے بذریعہ ترکی شام پہونچ کر داعش میں ٹریننگ حاصل کرنے کا منصوبہ رکھتا تھا ۔ پولیس نے سلمان کے قبضہ سے الیکٹرانکس گیجٹس اور دیگر اشیاء برآمد کرلیا ہے ۔