داعش سے متاثر نوجوانوںکی 7 روزہ پولیس تحویل

تینوں نوجوانوں کی آج ایس آئی ٹی کو حوالگی اور ناگپور روانگی متوقع
حیدرآباد، 4 جنوری ( سیاست نیوز ) نامپلی کریمنل کورٹ کے 12 ویں ایڈیشنل چیف میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ نے داعش میں شمولیت کی ناکام کوشش میں گرفتار تین نوجوانوں کو 7 دن کی پولیس تحویل میں دینے کے احکام جاری کئے ۔ حیدرآباد سٹی پولیس کی اسپیشل انوسٹی گیشن ٹیم (ایس آئی ٹی ) نے عبداللہ باسط ، معاذ حسن فاروقی اور سید عمر فاروق حسینی کو 10 دن کی پولیس تحویل میں دینے کی درخواست داخل کی تھی ۔ جس پر عدالت نے آج اپنا فیصلہ سنایا ۔ 24 ڈسمبر کو ناگپور انٹرنیشنل ایرپورٹ پر مذکورہ تین نوجوانوں کو مہاراشٹرا کے انسداد دہشت گرد ی اسکواڈ ( اے ٹی ایس ) نے اس وقت گرفتار کرلیا ہے جب وہ بذریعہ فلائیٹ سری نگر روانہ ہونے والے تھے ۔ گرفتار نوجوانوں کو حیدرآباد منتقل کیا گیا اور بعد ازاں ان کے خلاف اسپیشل انوسٹی گیشن ٹیم نے ملک سے جنگ چھیڑنے اور مجرمانہ ساز کے علاوہ غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے انہیں عدالتی تحویل میں دے دیا تھا ۔ عدالت کے احکامات کی مطابقت میں مذکورہ تین نوجوان جو چرلہ پلی جیل میں محروس ہیں، انہیں ایس آئی ٹی کی ایک ٹیم کل صبح اپنی تحویل میں لیکر عادل آباد اور ناگپور منتقل کرے گی تاکہ وہاں سے اہم شواہد اکھٹا کئے جائیں گے ۔