ہڑتال اور احتجاج 50 ویں دن میں داخل
دارجلنگ (مغربی بنگال) 3 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) دارجلنگ ہلز میں غیرمعینہ مدت کی ہڑتال 50 ویں دن میں داخل ہوگئی ہے۔ گورکھا مکتی مورچہ (جی جے ایم) نے دارجلنگ کے مختلف مقامات پر ریالیاں نکالتے ہوئے مطالبہ کیاکہ انٹرنیٹ سہولیات کو دوبارہ بحال کیا جائے اور پولیس فورس کو فوراً ہٹایا جائے۔ گزشتہ رات سے کسی پرتشدد واقعے کی خبر نہیں ہے لیکن اس کے باوجود پولیس اور سکیورٹی عملہ یہاں موجود ہے کیوں کہ جی جے ایم نے غیر معینہ احتجاج کا اعلان کیا ہے جو دراصل علیحدہ گورکھا لینڈ کے مطالبہ کا پچاس واں دن ہے۔ یاد رہے 21 جولائی سے جی جے ایم کی یوتھ ونگ اور یوا مورچہ کے 12 اراکین بھوک ہڑتال بیٹھے ہوئے ہیں اور ان کا مطالبہ ہے کہ علیحدہ گورکھا لینڈ کی منظوری دی جائے۔ جی جے ایم یوتھ ونگ کے صدر پرکاش گورنگ نے کہاکہ ہم اپنی علیحدہ گورکھا ریاست کا مطالبہ کرتے ہیں اور اس نئی ریاست میں بنگال سے تعلق رکھنے والی پولیس کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے۔ ہم اپنی علیحدہ ریاست کے لئے جانوں کی قربانی کے لئے بھی تیار ہیں۔