نارائن پیٹ۔6 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مدرسہ دارالعلوم دینیہ (ملحقہ جامعہ نظامیہ) جامع مسجد نارائن پیٹ کے دارالاقامہ کے طلباء کی وداعی تقریب احاطہ مدرسہ میں منعقد ہوئی جس کو مخاطب کرتے ہوئے مولانا حافظ محمد فاروق بن مخاشن نے طلباء کو تلقین کی کہ وہ تعطیلات کے دوران اپنے اوقات کو ضائع نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ اوقات قرآن کریم کی تلاوت میں گزاریں اور نمازوں کی پابندی کریں۔ مولانا فیاض احمد نظامی نے طلباء کو ووالدین کی اطاعت گزاری اور بڑوں کا ادب و احترام کرنے کی تلقین کی۔ اس موقع پر کامیاب طلباء کو اسنادات اور بہتر مظاہرہ کرنے والے طلباء کو انعامات بھی دیئے گئے۔ اس تقریب میں صدر انتظامی کمیٹی جناب غلام دستگیر چاند کے علاوہ جناب محمد رفیق چاند، جناب عبدالرؤف چاند، جناب محمد شفیع چاند، حافظ محمد عبدالقیوم وڈوان، حافظ محمد غوث خلیفہ و دیگر موجود تھے۔ مولانا سید شاہ غیاث الدین قادری سجادہ نشین درگاہ تقی باباؒ کی زیرسرپرستی منعقدہ اس تقریب کا آغاز حافظ محمد ناصر کی قرأت اور حافظ محمد عبدالنبی کی نعت پاک سے ہوا۔ جبکہ نظامت کے فرائض حافظ محمد تقی نے انجام دیئے۔