پوترا اور دیگر ساتھی گرفتار، ٹپہ چبوترہ پولیس کی کارروائی
حیدرآباد۔/15نومبر، ( سیاست نیوز) دادا کے مکان میں سرقہ کرنے کی ناکام کوشش میں پولیس نے پوترا اور اس کے ساتھیوں کو گرفتار کرلیا۔ تعلیمی اخراجات کے لئے رقمی مطالبہ پر مسلسل نظر انداز کرنے کے خلاف پوتے 20سالہ اشون راہول کملیکر نے اپنے دادا کے مکان میں سرقہ کا منصوبہ بنایا تھا۔ ٹپہ چبوترہ پولیس نے راہول کے ہمراہ اس کے منصوبہ میں اس کا ساتھ دینے والے 19سالہ اسلم ساکن چادر گھاٹ، 30 سالہ راہول کملیکر ساکن چراغ علی لین ،20 سالہ ماجد میاں ساکن بنڈلہ گوڑہ خوشی نگر اور 21سالہ محمد صدام ساکن دودھ باؤلی کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے بتایا کہ اصل سرغنہ راہول جو قطب اللہ پور علاقہ میں رہتا تھا اپنے دادا سے تعلیمی اخراجات کے لئے رقمی مطالبہ کررہا تھا۔ تاہم اس کادادا 72 سالہ جگدیش پرساد جیسوال مسلسل انکار کررہا تھا۔ ایک عرصہ قبل راہول کے والد نے اس کی والدہ اوربہن کو چھوڑ کر دوسری شادی کرلی تھی اور کچھ عرصہ بعد راہول کی ماں نے بھی دوسری شادی کرلی اور وہ اپنے دوسرے شوہر کے ساتھ رہنے لگی۔ راہول کی پڑھائی مشکل سے ہورہی تھی۔ اپنے داد ا سے رقمی مطالبہ پر مسلسل انکار کے بعد اس نے ایک منصوبہ تیار کیا اور ڈرادھمکا کر رقم لوٹنے کی سازش رچی۔ اس سازش میں اس نے اپنے ساتھیوں کو شامل کرلیا۔ تمام نے مل کر 7اور8نومبر کی رات آریہ سماج کاروان پر جمع ہوگئے جو ہتھیاروں کے ساتھ تھے۔ تمام نے اشون راہول کملیکر کے دادا کے مکان کا رخ کیا اور دونوں دیوار پھلانگ کر اندر داخل ہوئے اسی دوران پولیس پٹرولنگ کی گاڑی دیکھ کر فرار ہوگئے۔ پولیس نے اس کے خلاف تحقیقات کرتے ہوئے جیسوال کے پوتے اور ان کی ٹولی کو گرفتار کرلیا۔