خودکشی کرنے والے طلبہ کے خاندان کو معاوضہ دینے کا مطالبہ

کاغذ نگر میں مئی ڈے تقاریب سے ریٹائرڈ ایمپلائز اسوسی ایشن کے ذمہ داروں کا خطاب

کاغذ نگر۔یکم مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کاغذ نگر مستقر کے ریٹائرڈ ایمپلائز اسوسی ایشن آفس میں آج مئی ڈے کے ضمن میں خصوصی پروگرام کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ اس پروگرام میں شرکت کرنے والوں میں ریٹائرڈ ایمپلائز اسوسی ایشن کمیٹی نائب صدر محمد مقبول حسین اور کمیٹی سکریٹری یونارائن اور سینئر سٹیزن ستیہ نارائن اور تاج الدین، شیخ محبوب، محمد سلیم اور گنگادھر کے علاوہ دوسرے بھی موجود تھے۔ اس موقع پر انٹر میڈیٹ میں ناکام ہونے پر خودکشی کرنے والے طلبہ سے اظہار یگانگت کرتے ہوئے دو منٹ کی خاموشی منائی گئی۔ بعد ازاں ریٹائرڈ ایمپلائز اسوسی ایشن کے نائب صدر محمد مقبول حسین نے کہا کہ طالب علموں کے مسائل کی یکسوئی کرنے میں ریاستی حکومت ناکام ہوگئی ہے اس لئے انٹر میڈیٹ کے نتائج میں بدعنوانیاں اور غلط جانچ پڑتال پر انٹر میڈیٹ کے طلبہ نے خودکشی کی ہے اس لئے خودکشی کرنے والے طلبہ کے افراد خاندان کے ساتھ انصاف کرتے ہوئے ان کو معاوضہ کی ادائیگی کرنے کا ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا گیا اور انٹر میڈیٹ نتائج میں بدعنوانیوں میں ملوث ملازمین کے خلاف کارروائی کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔ اس موقع پر اے راجیا اور بی نرسیا نے بھی خطاب کیا اور مئی ڈے تقاریب بڑے جوش و خروش کے ساتھ منائی گئیں۔