حیدرآباد۔ 3 نومبر (سیاست نیوز) شوہر اور بیٹے کی ڈانٹ ڈپٹ سے خوف کا شکار ایک خاتون نے خودسوزی کرلی۔ یہ واقعہ آصف نگر پولیس حدود میں پیش آیا جہاں 55 سالہ شیخ ہانی بی نے 22 اکتوبر کے دن اپنے جسم پر کیروسین ڈال کر آگ لگالی اور کل رات دیر گئے فوت ہوگئی۔ پولیس ذرائع کے مطابق ہانی بی آصف نگر کے علاقہ جھرہ کے ساکن بابو میاں کی بیوی تھی۔ چنتل میٹ کے علاقہ میں ان کا ایک مکان ہے اور اس مکان کا کرایہ ہانی بی وصول کیا کرتی تھی۔ وہاں اس مکان میں سنیتا نامی ایک خاتون کرایہ سے ہے جو گزشتہ پانچ ماہ سے کرایہ ادا نہیں کررہی تھی اور کرایہ حاصل کرنے کے لئے ہانی بی کے شوہر بابو میاں اور ان کا بیٹا ہانی بی پر زور دے رہے تھے۔ 21 اکتوبر کے دن ہانی بی اپنی کرایہ دار سنیتا سے کرایہ حاصل کرنے روانہ ہوئی اور سنیتا نے ٹال دیا تاہم گھر آنے پر شوہر اور بیٹے نے مبینہ طور پر دباؤ ڈالا ۔ گزشتہ 22 اکتوبر کے دن یہ خاتون دوبارہ کرایہ دار کے پاس گئیں لیکن کرایہ دار سنیتا اپنے گاؤں چلی گئی تھی۔ ہانی بی گھر پہنچ کر بیٹے اور شوہر کے خوف سے مبینہ طور پر خودسوزی کرلی۔ آصف نگر پولیس مصروف تحقیقات ہے۔