ملبورن29- جنوری (سیاست ڈاٹ کام)آسٹریلین اوپن میں ایک مقابلے کو دنیا کی دو خوبصورت اور مقبول ترین خاتون ٹینس کھلاڑیوں کے درمیان ’’خوبصورتی کی جنگ‘‘ قرار دیا جارہا تھا۔ روس کی ماریا شاراپوا اور کینیڈا کی یوجینی بوشارڈ کا آسٹریلین اوپن ٹینس چیمپئن شپ میں کوارٹر فائنل سب ہی دیکھنا چاہتے تھے۔ سخت مقابلے کی توقع تھی لیکن تجربہ غالب رہا اوراس میں بوشارڈ پیچھے رہ گئیں۔۔ روس کی عالمی نمبر دو ماریا نے بوشارڈ کو ٹینس کا سبق دیتے ہوئے ایونٹ سے باہر کردیا۔ بوشارڈ کا گرانڈ سلام جیتنے کا ایک اور خواب بکھر گیا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ کینیڈین اسٹار کو اب اپنے کوچنگ اسٹاف پر نظر ثانی کرنی چاہیے۔ بوشارڈ اور ان کے کوچ نک سیویانو کے راستے گذشتہ برس نومبر میں الگ ہوگئے تھے جس کی وجہ کسی کو نہیں معلوم۔ نک کی نگرانی میں بوشارڈ نے 2014 میں ٹینس کی دنیا میں نہ صرف نمایاں مقام حاصل کیا بلکہ کیریئر کے پہلے گرانڈ سلام ومبلڈن کے فائنل تک رسائی حاصل بھی کی تھی ۔ آسٹریلین اوپن میں انہیں جز وقتی کوچ کی خدمات حاصل رہیں۔ ماریا کے ہاتھوں شکست کے بعد انہوں نے خود تسلیم کیا کہ انہیں مسائل کا سامنا ہے اور اب فرصت ملنے پر کوچنگ اسٹاف پر توجہ دیں گی۔ انہوں نے کہا عملے میں ایک دو تبدیلیوں کی ضرورت ہے جو کی جائیں گی۔ بوشارڈ نے کہا کہ ماریا کے خلاف کوارٹر فائنل سے قبل میں پر اعتماد تھی کی کوچ کے بغیر بھی عمدہ مظاہرہ کرسکتی ہوں لیکن اب کل وقتی کوچ کی تقررضروری محسوس ہورہی ہے۔