حیدرآباد ۔ 6 مئی (سیاست نیوز) خواجہ گوڑہ نارسنگی روڈ پر آج دوپہر بعض نامعلوم شرپسند عناصر نے قدیم درگاہ کے غلاف مبارک کو نذرآتش کردیا۔ قریب میں واقع نشان مبارک کو بھی نقصان پہنچایا۔ اس واقعہ کا پتہ چلنے پر مقامی عوام جمع ہوگئے اور احتجاج کیا، جس سے صورتحال کشیدہ ہوگئی۔ نارسنگی پولیس کی ٹیم فوری حرکت میں آ کر درگاہ پہنچ گئی اور مقام کا معائنہ کیا اور بعدازاں نئے غلاف مبارک مزار پر چڑھائی گئی اور جلے ہوئے مقام کے اطراف رنگ آمیزی بھی کی گئی۔
لڑکی کو ٹھگنے والی خاتون گرفتار
حیدرآباد۔ 6 مئی (سیاست نیوز) بیرون ملک بھیجنے کا دعویٰ کرتے ہوئے لڑکی کو ٹھگنے والی ایک خاتون کو سنتوش نگر پولیس نے گرفتار کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 40 سالہ کلپا ولی نے وشاکھاپٹنم کی طالبہ لاونیا کو یہ یقین دلایا کہ وہ اسے بیرون ملک بھیج سکتی ہے جس کے عوض اس نے لڑکی سے ایک لاکھ 60 ہزار روپئے حاصل کرلئے۔ بعدازاں کلپا ولی نے لاونیا کو اپنے ہمراہ دہلی اور کانپور لے جاکر وہاں سے اچانک غائب ہوگئی۔ لڑکی کی شکایت پر سنتوش نگر پولیس نے دھوکہ دہی کے ضمن میں ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے کلپاولی کو گرفتار کیا اور عدالت میں پیش کیا۔