جلوس صندل میں لاکھوں عقیدتمندوں کی شرکت
گلبرگہ 8 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) : جانشین شیخ الاسلام حضرت پیر شیخ نصیر الدین چراغِ دہلوی ، بندگی مخدوم حضرت سید محمد حْسینی ابو الفتح صدر الدین ولی الاکبر الصادق بندہ نواز گیسودرازؒ کے (613) ویں عرس مبارک کی سہ روزہ تقاریب کا آج شام تاریخی محبوب گلشن سے جلوس صندل مبارک کی روانگی سے آغاز عمل میں آیا۔ آج( 8 اگست م 15 ذیقعدہ کی) صبح آٹھ بجے تقدس مآب حضرت سید شاہ گیسودراز خسرو حسینی صاحب قبلہ سجادہ نشین نے گنبد مبارک میں خدمت خراشی انجام دی۔ شام 5بجے محبوب گلشن کے سبزہ زار پر مشائخین عظام ‘ علمائے کرام اور زائرین نے نمازِ عصر ادا کی۔ اس کے ساتھ ہی خصوصی شامیانے میں قرأتِ کلامِ پاک کے بعد محفل سماع کا آغاز ہوا۔ جسکی نگرانی تقدس مآب حضرت سید شاہ گیسودراز خسرو حسینی صاحب قبلہ سجادہ نشین نے فرمائی۔ حیدرآباد کے مشہور قوال محمد محبوب بندہ نوازی نے مبارکبادی پڑھی۔ آستانہ بندہ نوازؒکے قوال عبدالرؤف عبدالغنی بندہ نوازی اور دیگر قوالوں نے کلام سنایا۔ محفل سماع میں حضرت سید محمد نظامی ( سجادہ نشین بارگاہ حضرت نظام الدین اولیا محبوب الٰہی ، دہلی ) حضرت سیّد فضل المتین چشتی قبلہ ( گدی نشین اجمیر شریف )اور ان کے فرزند حسن میاں چشتی ، حضرت سید اکبر نظام الدین ، حضرت سید شاہ حسن شبیر حسینی صاحب قبلہ سجادہ نشین روضہ منورہ خورد ‘ حضرت سید شاہ عارف حسینی ‘ حضرت سید شاہ یوسف حسینی ( برادران سجادہ روضہ بزرگ ) حضرت سید شاہ تقی اللہ حسینی ( برادرسجادہ ) حضرت سید حید ر پاشاہ قادری ( سجادہ نشین نیلنگہ شریف ) حضرت سید محمد علی الحسینی قبلہ ‘ و حضرت ڈاکٹر سید مصطفیٰ حسینی قبلہ ( فرزندان حضرت سجادہ نشین روضہ بزرگ ) حضرت مولانا مفتی خلیل احمد ، مولانا خواجہ شریف ، حضرت سیّدثاقب حسینی(سجادہ نشین بارگاہ حضرت ابوالفیض بیدر) ، حضرت سیّد شاہ مصطفی حسینی (عم محترم حضرت سجادہ نشین روضہ بزرگ) ، حضرت قبول پاشاہ شطاری ، حضرت سید باقر شبیر حسینی صاحب قبلہ ، حضرت سیّد یدا للہ حسینی عرف نظام بابا (خلفِ اکبر حضرت سجادہ نشین روضہ خورد) ، جناب میر صدر الدین علی خان ، جناب حامد اکمل ایڈیٹر ایقان ایکسپریس ،حضرت سید ابوتراب قادری چشتی یمنی ( سجادہ نشین ہلکٹہ شریف )حضرت شیخ امان اللہ شاہ قادری ( چٹگوپہ شریف ) مولانا مفتی سید عبدالرشید ( صدر معلم دارالعلوم دینیہ بندہ نواز یہ ) مولانا محمد اویس قادری ( امام مسجد درگاہ شریف ) ایم اے حبیب ( معتمد اسٹیٹ درگاہ شریف )، حضرت سیّد علی ذکی حسینی اویس بابا، مولانا سیّد تنویر ، سید واجد اسسٹنٹ سیکریٹری درگاہ شریف اور محمد ایاز الدین پٹیل آرٹسٹ شریک تھے۔محفل سماع کے اختتام اور فاتحہ کے بعد محترم سید شاہ گیسودراز خسرو حسینی صاحب قبلہ سجادہ نشین مشائخین کے جلو میں شامیانے سے سمر ہاؤس پہنچے جہاں صندل مبارک کے طبق بصد احترام رکھے ہوئے تھے۔ کلمہ طیبہ اور نعرہ بندہ نوا زؒ کے ورد کے ساتھ حضرت سجادہ نشین قبلہ نے صندل مبارک کی کشتی اپنے سرپر اٹھائی اور جلوس صندل مبارک کو روانہ فرمایا شہنائی نوبت اور روایتی سازوں کی سامعہ نوازی میں جلوس صندل محبوب گلشن سے روانہ ہوا۔ جلوس میں سب سے آگے جلالی فقراء کی جماعت نعرہ ہائے مستانہ کے ساتھ ضربات کا مظاہرہ کر رہی تھی۔ مرفع ، تاشہ اور بینڈ کے ساتھ لاکھوں زائرین کا یہ جلوس شام سواچھ بجے محبوب گلشن سے باہر نکلا۔ محبوب گلشن اور اس کے اطراف ہزاروں زائرین و مقامی عوام مرد و خواتین بچے جلوس صندل مبارک کے مشاہدے اور نذر پیش کرنے کے لئے موجود تھے۔ جلوس صندل بڑی تیزی سے جگت سرکل ، سوپر مارکٹ ، کلاتھ بازار سے گذرتا ہوا مسجد مارکٹ پہنچا جہاں جلوسیوں نے نمازِ مغرب ادا کی۔ عطار بازار ، صندل گلی سے گذرتا ہوا جلوس صندل مبارک ہفت گنبد چوک شیخ علی ٹیک سے ہوکر مسجد مقبرہ سے ہوتا ہوا۔ علاقہ درگاہ شریف میں داخل ہوا۔ اس دوران سماع خانہ بارگاہ بندہ نواز ? میں محفل سماع جاری تھی ساڑھے دس بجے جلوس باب الداخلہ گیارہ سیڑھی پہنچا جہاں حضرت سید شاہ خسرو حسینی صاحب قبلہ سجادہ نشین نے ارکانِ خاندان کے ساتھ صندل مبارک کا استقبال فرمایا اور صندل کی کشتی سرپر اٹھاکر داخل بارگاہ ہوئے۔ رات ایک بجے فاتحہ بائیس خواجگان چشت اور دیڑھ شب مراسم صندل مالی انجام پائیں گے۔