تانڈور۔ 31 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سائیکل موٹر پر سوار تین نوجوان راہ چلتی خاتون کے گلے سے طلائی چین چھین کر فرار ہوگئے۔ یہ واقعہ تانڈور میں بس اسٹانڈ کے قریب محلہ یشودھا نگر میں ہوا۔ پولیس ذرائع کے مطابق یہ خاتون محکمہ آبپاشی میں اٹینڈر کے طور پر خدمت انجام دیتی ہے۔ سارقین بغیر نمبر کی پلسر موٹر سائیکل پر سوار تھے۔ یہ خاتون مہالکشمی سڑک سے گذر رہی تھی کہ موٹر سائیکل پر سوار یہ تینوں نوجوان برق رفتاری سے اس کے قریب 90 ہزار مالیت کی سونے کی چین 3 تولے خاتون کے گلے سے چھین کر فرار ہوگئے۔ قریب میں موجود سی سی ٹی وی کیمرے میں یہ سارا منظر قید ہوگیا۔ پولیس اس فوٹیج کا جائزہ لے رہی ہے۔ پرتاپ لنگم، سی آئی تانڈور تحقیقات کررہے ہیں۔ قبل ازیں محلہ شاہی پور میں واقع تلسی نگر میں بھی تین نوجوان موٹر سائیکل پر سوار تھے اور ایک خاتون کے گلے سے ساڑھے تین تولے سونے کی چین اُڑا لے گئے۔