خواتین کے گلے سے زیورات سرقہ کی وارداتوں میں اضافہ

اندرون 24 گھنٹے پانچ واقعات، رہزنوں کی گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیموں کی تشکیل
حیدرآباد۔ 27 ڈسمبر (سیاست نیوز) رچہ کونڈہ علاقہ میں راہ چلتی خواتین کو رہزنوں نے نشانہ بناتے ہوئے 40 تولہ طلائی زیورات اڑالیئے۔ اندرون 24 گھنٹے سلسلہ وار 5 رہزنی کی وارداتیں پیش آئی ہیں جس کے نتیجہ میں پولیس کی نیند حرام ہوگئی۔ علاقہ ونستھلی پورم اور حیات نگر میں موٹر سائیکل سوار رہزنوں نے راہ چلتی خواتین کو نشانہ بناتے ہوئے ان کے گلے سے طلائی چین اڑالیا۔ رہزنی کی ان وارداتوں کو سی سی ٹی وی کیمروں میں قید کرلیا گیا ہے اور فوٹیج کی بنیاد پر رہزنوں کی نشاندہی کی کوشش جاری ہے۔ کمشنر پولیس رچہ کونڈہ مہیش مرلی دھر بھگوت نے کہا کہ رہزنوں نے گرفتاری کیلئے اسپیشل آپریشن ٹیمس کو متعین کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض رہزنوں کے بارے میں پولیس کو سراغ حاصل ہوا ہے اور انہیں بہت جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔