بھوبنیشور 6 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) اوڈیشہ میں برسر اقتدار بیجو جنتادل نے خواتین کا ریزرویشن بِل جو پارلیمنٹ میں معرض التواء ہے، اُس کے بارے میں اتفاق رائے پیدا کرنے کی اپنی کوشش کے تحت کانگریس اور بی جے پی کے بشمول 22 سیاسی پارٹیوں سے مشاورت کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف منسٹر نوین پٹنائک کی سربراہی میں بی جے ڈی نے گزشتہ روز ایک میٹنگ میں قرارداد منظور کی کہ اِس کے مندوبین 7 قومی پارٹیوں اور 15 علاقائی جماعتوں کے قائدین سے اِس ضمن میں ملاقاتیں کریں گے۔ بی جے ڈی کے قائدین نے بتایا کہ کل کی میٹنگ میں پارلیمنٹ اور ریاستی اسمبلیوں میں خواتین کے لئے 33 فیصد تحفظات حاصل کرنے کی اپنی مہم میں شدت پیدا کرنے کے لئے پارٹی کی حکمت عملی پر غور و خوض کیا گیا۔ مرکزی وزیر دھرمیندر پردھان نے بی جے ڈی کے اقدام پر تنقید کرتے ہوئے اِسے چشم پوشی قرار دیا۔ بی جے ڈی نمائندوں کے ناموں کی فہرست جو پارٹی کی طرف سے جاری کی گئی، اُس میں ایم پیز بھی شامل ہیں اور یہ نمائندے مختلف پارٹیوں کے نمائندگان سے ملاقات کریں گے۔ تاہم اِس فہرست میں نوین پٹنائک کا نام نہیں ہے۔ بی جے ڈی کی طرف سے یہ اقدام پٹنائک کی جانب سے وزیراعظم نریندر مودی کو ایک مکتوب تحریر کئے جانے کے ایک روز بعد سامنے آیا ہے۔ اُنھوں نے پارلیمنٹ میں ویمنس ریزرویشن بِل کو منظور کرانے کے لئے اقدامات شروع کرنے کی اپیل کی ہے۔ ویمنس ریزرویشن بِل اگرچہ راجیہ سبھا میں 2010 ء میں منظور کرلیا گیا لیکن اِسے لوک سبھا میں منظور نہیں کیا جاسکا۔یہ قانون سازی 2014 ء میں پندرہویں لوک سبھا کی تحلیل پر ضائع ہوگئی۔
مودی ، راہول کا جاریہ ماہ دورۂ اوڈیشہ
وزیراعظم نریندر مودی اور صدر کانگریس راہول گاندھی جاریہ ماہ اوڈیشہ کا دورہ کرنے والے ہیں۔ بی جے پی اور کانگریس کے ذرائع نے آج بتایا کہ مودی 24 ڈسمبر کو اوڈیشہ کے کھوردا میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔راہول کا22 ڈسمبر سے دو روزہ دورہ رہے گا۔