خواتین کو پردہ کی پابندی کرنے کی تلقین

ظہیرآباد۔3اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) خالق کائنات نے انسانوں کی تربیت کیلئے عورت کو پیدا کیا ہے اور وہ جب امید سے ہوتی ہے ‘ تب ہی سے اس کی تعلیم و تربیت کا بالراست آغاز ہوجاتا ہے ۔ بچہ جب مادررحم میں ہوتا ہے تب ماں کی بہتر سوچ کا اثر اس کی نشوونما ہونے الی اولاد پر ہوتا ہے اور اگر ولادت کے بعد ماں ‘ اللہ کے ذکر کے ساتھ اپنے لخت جگر کو دودھ پلائے تو بچہ میں نیک صفات پیدا ہوں گے ۔ ان خیالات کا اظہار مولانا محمد شفیع الدین ندوی خلیفہ مجاز مولانا پیر ذوالفقار احمد نقشبندی نے آج یہاں کے جی این فنکشن ہال میں مدرسہ جامعہ گلشن خیرالنساء کے زیراہتمام منعقدہ جلسہ عظمت قرآن و تکمیل بخاری شریف کے شرکاء سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ مولانا نے دوٹوک انداز میں کہا کہ فرض شناس مائیں صالح قوم کیمعمار ہوتی ہیں جب کہ فرض شناس ماں بننے کیلئے نیک بیوی بننا ضروری ہے اور یہ کہ اچھی ماں اور اچھی بیوی بننے کیلئے اپنے تعلق کو اللہ تعالیٰ سے جوڑنا اشد ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان ہر معاملہ میں رجوع اللہ کا مزاج اپنائیں اور خاص کر خواتین سلیقہ مندی سے اپنے شب و روز گزاریں ۔ مولانا عبدالمجیب قاسمی ناظم مدرسہ حفضیہ للبنات نے اپنے افتتاحی خطاب میں قرآن مجید کو حفظ کی جانے والی دنیا کی واحد کتاب قرار دیا اور کہا کہ قابل تعریف ہے وہ سینہ جس میں حق تعالیٰ کا کلام محفوظ ہے اور یہ قرآن کریم کا عظیم معجزہ ہے ۔ انہوں نے ہر روز کلام پاک کی تلاوت کرنے کی مسلمانوںکو تلقین کی اور کہا کہ جو قرآن کو یاد کرتا ہے اور روزآنہ اس کی تلاوت کرتا ہے تو قرآن کریم روز محشر میں اس کی نجات کا ذریعہ بن جاتی ہے ۔ مولانا عبدالقدیر عمری رئیس جامعہ دارالفلاح مدکھیڑ ناندیڑ نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مدرسہ جامعہ گلشن خیرالنساء سے آج جو لڑکیاں خیرالنساء بن کر نکل رہی ہیں وہ تاحیات خیرالنساء ہی بن کر رہیں گی ۔ مولانا نے خواتین کو پردہ کی پابندی کرنے کی تلقین کی اور حدیث قدسی کے حوالے سے کہا کہ سب سے بہترین خاتون وہ ہے جس کی نگاہ کبھی غیر محرم پر نہ پڑے ۔ مولانا نے نیم عریاں لباس اور پُرکشش برقعے زیب تن کرنے پر اپنی شدید برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ اس طرح کا لباس مردوں کی توجہ کا مرکز بن جاتا ہے ۔ مولانا سید اکبر شریف ندوی شیخ الحدیث بنگلور نے بخاری شریف کا آخری درس دیتے ہوئے کہا کہ علماء ‘ انتبیئا کے وارث ہوتے ہیں ‘ انہیں مخلوق میں سب سے بلند مقام حاصل ہے اور وہ اپنی وراثت میں علم کے خزانے چھوڑتے ہیں ۔ انہوں نے علم پر عمل کرنے کی توفیق عطا کرنے کیلئے ہر وقت اللہ تعالیٰ سے دعا کرنے کی تلقین کی ۔ مولانا مفتی غلام یزدانی ‘ مولانا مفتی عبدالرحمن اور مولانا عبدالمجیب نے بھی مخاطب کیا ۔ بعد ازاں مدرسہ کے شعبہ حفظ اور شعبہ عالمیت سے امسال فراغت پانے والی طالبات میں اسنادات مہمان خصوصی کے ہاتھوں تقسیم کئے گئے ۔ ناظم شعبہ نشر و اشاعت مدرسہ جامعہ گلشن خیرالنساء مولانا محمد محبوب نے نظامت کے فرائض انجام دیئے جب کہ جلسہ کا آغاز حافظ محمد یسین احمد کی قرات کلام پاک اور نعت شریف کی پیشکشی سے ہوا ۔ جلسہ کا اختتام مولانا سید اکبر شریف کے دعائیہ کلمات سے ہوا ۔ اس موقع پر خواتین و حضرات کی کثیر تعداد موجود تھی ۔