کورٹلہ /24 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) پرائمری اسکول اردو میڈیم محلہ نعیم نگر کورٹلہ میں 40 روزہ گرمائی تربیتی کلاسیس لڑکیوں و خواتین کے اختتامی پروگرام میں طالبات، لڑکیوں اور خواتین کی جانب سے تیار کردہ مختلف ڈیزائن کی اشیاء کا جناب محمد مبین پاشاہ صدر بار اسوسی ایشن کورٹلہ، جناب احمد عبد القیوم سابق کونسلر مجلس بلدیہ کورٹلہ، جناب محمد نجیب الدین قائد ٹی آر ایس کورٹلہ، جناب محمد عبد السلیم فاروقی نامہ نگار سیاست، جناب محمد انور صدیقی نامہ نگار راشٹریہ سہارا نے مشاہدہ کیا اور اس کوچنگ سنٹر میں طالبات، لڑکیوں اور خواتین کی جانب سے تیار کردہ اشیاء کو دیکھ کر کافی سراہا۔ 40 روزہ گرمائی تربیتی کلاسیس میں جملہ چھ کورسیس سکھائے گئے، جن میں ٹیلرنگ، مہندی ڈیزائننگ، خوشخطی، فیبرک پنٹنگ وغیرہ شامل ہیں۔ ان کورسس میں 100 طالبات نے حصہ لیا، جن میں 30 غیر مسلم لڑکیاں بھی شامل ہیں۔ طالبات، لڑکیوں اور خواتین نے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے جو ڈیزائن تیار کئے ان کا مشاہدہ کرنے والوں نے کہا کہ گرمائی کلاسیس میں شرکت کرکے خواتین و لڑکیوں نے اپنے اوقات کا صحیح استعمال کرتے ہوئے مہارت حاصل کی۔ مشاہدین نے ان کورسیس کو جاری رکھنے اور دیگر خواتین کو ٹریننگ دینے کی خواہش کی، تاکہ خواتین اپنے گھروں میں رہ کر خود مکتفی اور اپنے خاندان کا سہارا بن سکیں۔ فاطمہ بیگم اور سعدیہ پروین نے اس اختتامی تقریب کے موقع پر روزنامہ سیاست کورٹلہ کے نامہ نگار محمد عبد السلیم فاروقی کو تریبی کلاسیس کی سرگرمیوں سے واقف کراتے ہوئے کہا کہ لڑکیوں اور خواتین کو مکتفی بنانے کا سنہرا موقع فراہم کیا گیا اور اس طرح مسلم خواتین کی معیشت کو مستحکم کرنے کے عزم کے ساتھ کوچنگ سنٹر میں انھیں تربیت دی گئی۔ انھوں نے کہا کہ خواتین نے مختصر عرصہ میں ان تربیتی کلاسیس میں عمدہ مظاہرہ کیا اور مختلف قسم کی اشیاء تیار کیں۔ انھوں نے کہا کہ چند خواتین جو کوچنگ دینے پر مامور تھیں، انھوں نے خواتین کی صلاحیتوں کو ابھارا، جب کہ کوچنگ سنٹر میں مسلم لڑکیوں اور خواتین کے ساتھ غیر مسلم لڑکیوں اور خواتین نے شرکت کرکے قومی یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ تلنگانہ کی خواتین کی آمدنی کا زیادہ انحصار بیڑیوں پر ہے۔ اگر خواتین اس طرح کی ٹریننگ اور کورسیس میں مہارت حاصل کرلیں تو خود مکتفی ہونے کے علاوہ اپنے خاندان کا سہار بن سکتی ہیں۔ انھوں نے اختتامی تقریب میں شریک ہونے والے مہمانوں کی جانب سے ہمت افزائی پر شکریہ ادا کیا۔ علاوہ ازیں جناب احمد عبد النعیم مستاجر برگ آبنوس کورٹلہ کی جانب سے کوچنگ کے لئے جگہ فراہم کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔