نازیبا ریمارکس، معذرت خواہی کیلئے رام کدم سے نواب ملک کامطالبہ
ممبئی، 5 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) گھاٹکوپر میں دہی ہنڈی کے پروگرام میں بی جے پی کے ایم ایل اے رام کدم کی شکل بی جے پی کا ڈراؤنی‘ چہرہ سامنے آیاہے ۔ یہ بات آج یہاں راشٹروادی کانگریس پارٹی کے قومی ترجمان نواب ملک نے کہی ہیں۔ واضح رہے کہ بی جے پی ایم ایل اے رام کدم گزشتہ کل دہی ہنڈی کے پروگرام میں لڑکیوں کے اغواء کرنے کی بات کہی تھی جس پرراشٹروادی کانگریس پارٹی کی جانب سے رام کدم کے بیان کی مذمت کی گئی۔ اس موقع پر میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے نواب ملک نے رام کدم پر سخت تنقید کی۔ گھاٹکوپر میں دہی ہنڈی کے پروگرام میں رام کدم نے کہا تھا کہ کسی کو کوئی بھی لڑکی پسند آئے تو اس کا ’اپہرن‘ کرو۔ نواب ملک نے کہا کہ رام کدم کے اس بیان سے بی جے پی کا راون والا چہرہ عوام کے سامنے آیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ بی جے پی کی روایت رہی ہے کہ اس کے یہاں عورتوں کی کوئی عزت نہیں ہے ، اس کے باوجود یہ اپنے آپ کو رام بھکتوں کی پارٹی قرار دیتی ہے ۔ یہ رام بھکتوں کی نہیں بلکہ راون بھکتوں کی پارٹی ہے جس کا ثبوت یہ ہے کہ اس کے لیڈران راون کی زبان کا استعمال کرتے ہوئے عورتوں کی عزت و آبرو سے کھیلنے کی بات کہتے ہیں۔ یہ بہروپیوں کی پارٹی ہے جو سماج میں انارکی پھیلانے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دینا چاہتی۔ نواب ملک نے کہا کہ رام کدم خود کو مذہبی لیڈر بھی قرار دیتے ہیں جبکہ یہ ان کا ایک بہروپ ہے ۔ وہ سنسکار کے پردے میں روان کی ذہنیت رکھتے ہیں۔ اس لئے آج سے رام کدم کا نام ‘راون’ ہوگیا ہے اور اب انہیں ‘راون کدم’ کے طور پر جانا جائے گا۔ نواب ملک نے کہاکہ رام کدم کا یہ کہنا کہ اگر کسی کو کوئی لڑکی پسند آتی ہے تو وہ انہی بتائے وہ اس کا اغواء کرکے اس کی شادی اس لڑکے سے کرادیں گے ، یہ بی جے پی کا راونی چہرہ ہے ۔ اگر رام کدم نے اپنے اس بیان پر معافی نہیں مانگی تو ہم پورے مہاراشٹر کے لوگوں سے اپیل کریں گے کہ وہ رام کدم کو ‘راون کدم’ کہیں۔