خواتین و لڑکیوں کو روزگار سے مربوط کرنے کی مساعی

کورٹلہ میں ’سیاست‘ کے ٹیلرنگ سنٹر کا آج افتتاح، جناب عامر علی خاں شرکت کریں گے

کورٹلہ ۔/11جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جناب محمد عبدالسلیم فاروقی نگرانکار سیاست ٹیلرنگ سنٹرمحلہ نظام پورہ کورٹلہ نے صحافت کو جاری کردہ بیان میںکہا کہ کورٹلہ کی خواتین و لڑکیوں کو خود مکتفی بنانے کے عزم کے تحت گذشتہ دو سال سے ادارہ سیاست کے زیر اہتمام جناب محمد عبدالغفار سابق چیرمین کے تعاون سے محلہ نظام پورہ کورٹلہ میں قائم کردہ سیاست ٹیلرنگ سنٹر سے اب تک جملہ 300خواتین و لڑکیاںسلوائی کی تربیت حاصل کرچکی ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ اِس ٹیلرنگ سنٹر سے تیا رشدہ ملبوسات مارکٹ میں فروخت کئے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ /12جولائی جمعرات کو 11:00بجے دن بمقام محلہ نظام پورہ کورٹلہ میںماہین لیڈیز ٹیلرنگ ٹریننگ سنٹر کا جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر روزنامہ ’سیاست‘ کے ہاتھوں افتتاح عمل میں آئے گا۔جناب محمد عبدالغفارسابق چیرمین مجلس بلدیہ کورٹلہ کی صدارت میں منعقد اِس تقریب میںمہمانان خصوصی کے طور پرجناب کلواکنٹلہ ودیاساگر رائورکن اسمبلی کورٹلہ، شیلم وینو گوپال چیرمین مجلس بلدیہ ،جناب ملّا ریڈی ڈی ایس پی مٹ پلّی،جناب ستیہ نارائنا تحصیلدار کورٹلہ،جناب ستیش چندر رائوسرکل انسپکٹرپولیس، احمد عبدالنعیم مستاجر برگ آبنوس ، ڈاکٹر انوپ رائو،سینیئر قائد ٹی آر ایس ،جناب محمد محمود علی چیرمین مرکزی اتحاد ملت اسلامیہ جگتیال، جناب محمد مبین پاشاہ ایڈوکیٹ و کو آپشن ممبر ،جناب محمد عبدالرئوف مستاجر برگ آبنوس کورٹلہ،جناب محمد مظہر الدین صدر مسلم ویلفیر اسوسی ایشن کورٹلہ -جناب الیاس احمد خان امیر مقامی جماعت اسلامی کورٹلہ-جناب محمد عبدالمقیم شعبہ خدمت خلق جماعت اسلامی کورٹلہ کے علاوہ شہر کی معزز شخصیتں شرکت کررہی ہیں۔ اِس موقع پر سیاست ٹیلرنگ ٹریننگ سنٹر محلہ نظام پورہ کورٹلہ میںسلوائی کی تربیت حاصل کرنے والی خواتین و لڑکیوں کی جانب سے تیار کردہ ملبوسات کی نمائش کی جائے گی ۔ بعد ازاں ادارہ روز نامہ سیاست کی جانب سے سلوائی کی تربیت حاصل کرنے والی خواتین و لڑکیوں میں سرٹیفکیٹ تقسیم کئے جائیں گے۔صدر استقبالیہ کمیٹی جناب مظفر احمد سجو،ممبرس محمد ظہیر الدین تاجر ، محمد یونس ،نامہ نگار منصف واثق الرحمن، ساجد نامہ نگار نیٹی منا دیشم نے مرد و خواتین نے اِس تقریب میں کثیر تعداد میں شرکت کرتے ہوئے تقریب کو کامیاب بنانے کی اپیل کی۔

نوجوان کسان برقی شاک سے
ہلاک
مکہ راج پیٹ۔ /11جولائی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) چیگنٹہ منڈل کے مکہ راج پیٹ میں 24 سالہ نوجوان کسان برقی حادثہ کا شکار ہوکر برسر موقع ہلاک ہوگیا۔ تفصیلات کے بموجب مکہ راج پیٹ کا آر وینکٹی نامی کسان کا 24 سالہ بیٹا آر سوامی اپنے ہی زرعی کھیت میں بورویلس کی موٹر کی درستگی کیلئے اسٹاٹر کی ریپرینگ کے دوران برقی شاک لگ جانے سے حادثہ کا شکار ہوکر برسر موقع ہلاک ہوگیا۔ اس نوجوان کی اس طرح اچانک حادثہ میں ہلاکت کے بعد قرب و جوار میں غم افسوس کی لہر دوڑ گئی۔ جنگل کی آگ کی طرح تیزی سے اطلاع پھیل گئی۔ بعد ازاں چیگنٹہ پولیس نے جائے وقوع پہنچ کر نعش کا پنچنامہ کیا۔ مقدمہ درج کرلیا۔ بعد پوسٹ مارٹم نعش کو ورثا کے حوالے کردیا۔ مزید تحقیقات جاری ہیں۔