خواتین میں دل کے امراض کی علامتیں

عموماً یہ خیال کیا جاتا رہا ہے کہ خواتین میں دل کے امراض کی علامتیں مردوں کی علامات سے مختلف ہوتی ہیں۔ تاہم کینیڈا کی کارڈیو ویسکیولر کانگریس کی ایک تحقیق کے مطابق یہ خیال غلط ہے اور خواتین اور مردوں میں امراض دل کی علامات ایک جیسی ہوتی ہیں۔اس تحقیق کے لیے دل کے تین سو پانچ مریضوں کی علامات کا تجزیہ کیا گیا جنہیں جلد ہی اینجیو پلاسٹی کے مراحل سے گزرنا تھا۔ڈاکٹر برتھ ابرامسن کا کہنا ہے کہ دل کا مرض مردو عورت کے لیے یکساں طور پر خطرناک ہے۔2003 ء میں امریکی انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ کی ایک تحقیق میں کہا گیا تھا کہ خواتین کو سینے کے درد کی شکایت مردوں کی نسبت کم ہوتی ہے اور ان میں امراض دل کی علامات واضح نہیں ہوتیں۔کینیڈا کی ریسرچ کی تحقیقات کار اعلٰی مارتھا میکے کا کہنا ہے کہ نئی رپورٹ نے امریکی تحقیق کو غلط ثابت کیا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ خواتین میں دل کے امراض کی علامات مردوں کی علامات ہی کی طرح ہیں یعنی سینے کا درد، گلے، جبڑے اور گردن میں درد وغیرہ۔ڈاکٹر برتھ کا کہنا ہے کہ یہ ممکن ہے کہ عورتوں اور مردوں میں اپنے درد کو بیان کرنے کے طریقے میں فرق ہو مگر علامات بالکل ایک جیسی ہوتی ہیں۔