خواتین سے چھیڑ چھاڑ ، 71سالہ شخص کے بشمول 4گرفتار

حیدرآباد ۔ یکم جولائی (سیاست نیوز) خواتین سے چھیڑ چھاڑ میں ملوث 4 افراد بشمول 71 سالہ ضعیف شخص کو شی ٹیم نے گرفتار کرلیا۔ ایڈیشنل کمشنر آف پولیس کرائمس شریمتی سواتی لترا کے بموجب 71 سالہ محمد شفیق علی متوطن ضلع نظام آباد آرمور منڈل کوٹھی بس اسٹاپ پر بس کے انتظار کے بہانے بیٹھ کر وہاں موجود خواتین سے چھیڑ چھاڑ کررہا تھا۔ شی ٹیم پولیس کی موجودگی سے لاعلم شفیق علی مبینہ طور پر بعض خواتین کو چھونے کی کوشش کی۔ جس پر شی ٹیم پولیس نے فوری گرفتار کرلیا اور عدالت میں پیش کرنے پر اسے دو دن کی سزا سنائی گئی۔ دوسرے واقعہ میں شی ٹیم نے 25 سالہ محمد محسن احمد متوطن ضلع میدک کو مہدی پٹنم بس اسٹاپ پر ایک خاتون کو چھیڑ چھاڑ کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ محسن احمد کی جانب سے خواتین کو چھیڑ چھاڑ کرنے کے واقعہ کی شی ٹیم نے ویڈیو گرافی کی اور بعدازاں اسے گرفتار کرلیا گیا۔ جبکہ 30 سالہ محمد اشتیاق متوطن دربھنگہ بہار کو اُس وقت گرفتار کرلیا گیا جب وہ بس اسٹاپ پر موجود خواتین سے چھیڑ چھاڑ کررہا تھا۔ ایک اور واقعہ میں 39 سالہ بی راملو ساکن اولڈ ملک پیٹ کو افضل گنج بس اسٹاپ پر خواتین سے چھیڑ چھاڑ کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔ متاثرہ خاتون نے راملو کے خلاف 100 کنٹرول روم پر شکایت درج کرائی تھی جس کے نتیجہ میں شی ٹیم حرکت میں آکر چھیڑ چھاڑ کے واقعہ کی مکمل ویڈیو گرافی کرتے ہوئے راملو کو گرفتار کرلیا اور عدالت میں پیش کئے جانے پر مجسٹریٹ نے پانچ دن کی سزا سنائی۔