کریم نگر۔31 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حکومت تلنگانہ خواتین و لڑکیوں کی حفاظت کی خاطر ایک منصوبہ بندی کے تحت ریاست میں ’’شی ٹیم کمیٹیوں‘‘ کی تشکیل یکم اپریل سے عمل میں لارہی ہے۔ یہ ٹیمیں ضلع کریم نگر میں بھی یکم اپریل سے کام کرنا شروع کردیں گی۔ خواتین و لڑکیوں کے ساتھ ہورہی چھیڑچھاڑ ، گھر کی چہار دیواری سے باہر نکلنے پر اسکول کالج جانے کے دوران لڑکیوں کے ساتھ زیادتی، سفر کے دوران، ملازمت کے مقامات اور دفاتر کو جانے کے دوران خواتین و لڑکیوں کے ساتھ پیش آرہی بدتمیزی، چھیڑچھاڑ کو روکنے کے لئے یکم اپریل سے شی ٹیم کمیٹیاں نظر رکھیںگے اور اس کا سدباب کریں گے۔ یہاں پولیس ہیڈکوارٹرس میں منعقدہ پرنٹ اینڈ الیکٹرانک میڈیا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ضلع ایس پی شیوا کمار نے اس بات سے واقف کروایا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں خواتین میں کافی بیداری پیدا ہوچکی ہے۔ کہیں بھی کسی خاتون کے ساتھ کوئی ناخوشگوار واقعہ گھر کی چہار دیواری کے اندر ہو یا چہار دیواری کے باہر، اس کے خلاف پولیس کے علم میں لائی جارہی ہے۔ اس طرح تاحال کئی جرائم کا پردہ فاش ہوچکا ہے۔ پہلے مرحلے میں شی کمیٹیوں کو یہ سب ڈیویژن میں قائم کیا جائے گا جبکہ انہیں تربیت دی جاچکی ہے۔ ضلع ایس پی نے بتایا کہ شی ٹیم کے ارکان عام سادہ لباس میں ملبوس میں جہاں عوام کی بھیڑ زیادہ ہوتی ہے۔ جیسے بس اسٹانڈ، بازاروں میں خاموشی کے ساتھ خواتین و لڑکیوں کے تعلق سے پیش آرہی چھیڑ چھاڑ پر نگاہ رکھیں گے۔ قصوروار پائے جانے والے افراد کے والدین کو اطلاع دیتے ہوئے ان کی کونسلنگ کی جائے گی۔ چھیڑ چھاڑ، اذیت، ڈرانے دھمکانے کے واقعات ثابت ہونے پر ان کے خلاف روڈی شیٹ کھولی جائے گی۔ اس کی وجہ یہ افراد پاسپورٹ اور ملازمت سے محروم ہوسکتے ہیں۔ ضلع ایس پی نے خواتین اور لڑکیوں کے ساتھ پیش آرہے ظلم و زیادتی کے واقعات کے تدارک کیلئے فون نمبرات پر شی ٹیم کو اطلاع دینے کی عوام سے خواہش کی گئی ہے۔ 7093101101 کریم نگر، 7093102102 سرسلہ ، 7093077222 جگتیال، 7093802100 پداپلی، 441902333 حضورآباد، 9000585810 ۔ اس پریس کانفرنس میں ایڈیشنل ایس پی او ایس پی نے شرکت کی۔