خلیل زاد کی افغان قیام امن کیلئے پاکستانی قیادت سے بات چیت

اسلام آباد ۔ 3 جون (سیاست ڈاٹ کام) افغانستان میں قیام امن کیلئے امریکہ کے خصوصی قائد زلمے خلیل زاد نے پاکستانی قیادت سے بات چیت کی ہے جن میں وزیراعظم عمران خان بھی شامل ہیں۔ انہوں نے نہ صرف یہ کہ قیام امن بلکہ اس کیلئے کیا اقدامات کئے جانے چاہئے، اس موضوع پر بھی بات چیت کی ہے۔ یاد رہے کہ افغان نژاد امریکی مذاکرات کار نے اب تک اس سلسلہ میں چھ مرحلوں کی بات چیت ختم کی ہے جو انہوں نے طالبان جیسے ’’ہٹ دھرموں‘‘ کے ساتھ کی ہے۔ امریکہ کسی بھی حالت میں افغانستان میں جاری 18 سالہ طویل جنگ ختم کرنا چاہتا ہے۔ سیاسی تجزیہ نگاروں کا کہنا ہیکہ امریکہ کو یہ جنگ بہت مہنگی پڑ چکی ہے اور اب وہ کسی بھی حالت میں اس جنگ سے نکل جانا چاہتا ہے۔ دوسری طرف پاکستانی حکومت امریکہ۔ طالبان بات چیت کا انتظام کرنے کا سہرا اپنے سر باندھ رہی ہے۔