گوہاٹی 19 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی ٹیم انتظامیہ کو اپنی شاندار کارکردگی سے متاثر کرنے والے بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر خلیل احمد اب 2019 ء ورلڈکپ میں شرکت کے خواہاں ہیں جس کے لئے وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف اتوار کو شروع ہونے والی محدود اوورس کی سیریز میں بہتر مظاہرہ کے لئے پُرعزم ہے۔ خلیل احمد نے ہندوستان کے لئے اپنے کیرئیر کا آغاز ایشیاء کپ میں کھیلے گئے دوبئی کے مقابلے میں کیا تھا اور اُنھوں نے اُس وقت کے کارگذار صدر روہت شرما کو اپنی رفتار اور سوئنگ سے متاثر بھی کیا تھا۔ ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ کے خلاف ہندوستان کے افتتاحی مقابلے سے قبل اب جبکہ 18 ونڈے باقی رہ گئے ہیں، لہذا خلیل احمد 5 جون کو کھیلے جانے والے ٹیم کے اِس ورلڈ کپ کے افتتاحی مقابلے سے قبل بہتر مظاہرہ کے لئے پُرعزم ہیں۔ میڈیا نمائندوں سے اظہار خیال کرتے ہوئے خلیل احمد نے کہاکہ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز ورلڈکپ کی تیاری کا بہترین موقع ہے اور اگر میں وکٹیں لینے میں کامیاب رہتا ہوں تو اِس سے نہ صرف میرے حوصلے بلند ہوں گے بلکہ مجھ پر دباؤ بھی کم ہوگا۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف اتوار کو یہاں ونڈے سیریز کا پہلا مقابلہ کھیلا جائے گا اور اِس کے لئے خلیل احمد پُرعزم ہیں۔ دہلی ڈیرڈیولس کے لئے ہندوستان کے سابق فاسٹ بولر ظہیر خان کی سرپرستی میں خلیل احمد نے اپنی صلاحیتوں کو فروغ دیا ہے اور اِس ضمن میں 20 سالہ راجستھان کے فاسٹ بولر خلیل نے کہاکہ ظہیر (بھائی) کے مشوروں سے میری بولنگ میں مزید نکھار آیا ہے۔ میں نے دہلی ڈیر ڈیولس کے ساتھ ظہیر خان کے ساتھ دو سال کا عرصہ گزارا ہے۔ ہانگ کانگ کے خلاف پہلا مقابلہ کھیل چکے خلیل ویسٹ انڈیز کے خلاف بہتر مظاہرہ کیلئے کوشاں ہیں۔