دوحہ ۔ 4 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کا کہنا ہے خلیجی ممالک کے درمیان حالیہ تنازع متعلقہ ممالک کے درمیان مذاکرات سے ہی حل ہو گا۔ یہ اعلان سیاسی پنڈتوں کی نظر میں بین السطور ایک پیغام کی حیثیت رکھتا ہے جس میں عالمی ادارے نے دوحا کو باور کرایا ہے کہ وہ قطر کا بائیکاٹ کرنے والے ممالک سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر کے تنازع میں مداخلت کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا۔جولائی کے لئے سیکیورٹی کونسل کی سربراہی چین کر رہا ہے اور اس میں چینی سفیر لیو جی نے کہا ہے کہ ’’حالیہ بحران سے نکلنے کا آئیڈیل طریقہ یہی ہے کہ تنازع میں شریک متعلقہ ملک باہمی مذاکرات اور مشاورت سے ہی اسے قضیئے کو حل کرائیں۔‘‘