خـانہ پور میں قریش برادری کی دوسرے دن بھی ہڑتال

خانہ پور۔/18فبروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) خانہ پور میں قریش برادری کی سلسلہ وار ہڑتال دوسرے دن میں داخل ہوگئی ۔ مسئلہ کی یکسوئی تک احتجاج جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ تفصیلات کے بموجب قریش برادری پر اکثریتی فرقہ کے فرقہ پرست عناصر کی مسلسل ہراسانی سے تنگ آکر قریش برادری نے جہاں ریاست بھر میں بڑے جانور کی خرید و فروخت اور بڑے جانور کے گوشت کو فروخت نہیں کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وہیں خانہ پور میں بھی قریش برادری نے بڑے جانور کے گوشت کو فروخت نہیں کیا اور احتجاجاً اپنی دکانات بند رکھی اور حکومت سے اس ضمن میں فوری مداخلت کی اپیل کی۔ قریش برادری کے ذمہ داران محمد امام قریشی نے کہا کہ جب قریش برادری اکثریتی فرقہ کی جانب سے بڑے جانور خریدا کرتی ہے تو فروخت کرنے والوں کو کوئی نہیں روکتا لیکن جانور کو خریدنے کے بعد اچانک فرقہ پرست عناصر نمودار ہوجاتے ہیں اور قریش برادری سے جانور چھین لیتے ہیں اور پولیس بھی فرقہ پرست عناصر کا ساتھ دیتی ہے۔ قریش برادری نے کہا کہ ہمارے ہزاروں لاکھوں روپئے کے جانور چھین لئے جارہے ہیں۔ نیز فرقہ پرست عناصر اور پولیس قریش برادری کو مارپیٹ بھی کررہی ہے اور کرائے پر لی جارہی گاڑیوں کو ضبط کیا جارہا ہے۔

اگر فرقہ پرست عناصر کو بڑے جانوروں سے اتنی ہی محبت ہے تو وہ جانور فروخت کرنے والے افراد کو روکتے اور انہیں مار پیٹ کرتے لیکن یہ عناصر صرف اور صرف قریش برادری کو ہی نشانہ بنارہے ہیں جو سراسر ناانصافی ہے۔ قریش برادری نے حکومت سے اس ضمن میں سنجیدگی کے ساتھ کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فرقہ پرست عناصر کے خلاف فوری کارروائی کرے یا پھر قریشی برادری کو متبادل روزگار کے مواقع فراہم کرے۔ قریش برادری کے ذمہ داروں نے کہا کہ حکومت قریش برادری کے مسائل کی یکسوئی کیلئے کوئی اقدامات نہیں کرتی اور نہ ہی قریش برادری کے لئے حکومتوں کی جانب سے کوئی فلاح و بہبود کے اقدامات کئے جاتے۔ جس کی وجہ سے آج قریش برادری ذلت کی زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔ اس لئے قریش برادری کے ذمہ داروں نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ جب تک قریش برادری کے مسائل کی یکسوئی نہیں کی جاتی تب تک وہ بڑے جانور کی خرید و فروخت نہیں کریں گے اور بڑے جانور کا گوشت بھی فروخت نہیں کریں گے۔ آخر میں قریش برادری کے ذمہ داروں نے کہا کہ ہمارے ساتھ سوتیلا سلوک کیا جارہا ہے اور حکومت خاموش تماشائی ہے۔ اس موقع پر خانہ پور قریشی کمیٹی کے ذمہ داران محمد جمال قریشی صدر قریش کمیٹی خانہ پور، بوڑھے بھائی ، امام قریشی، چھوٹے میاں، بابو قریشی، گورے میاں، نور محمد، محمد بابا، ماجد قریشی، مناقریشی، قیوم قریشی، افروز، امجد ، قادر، رفیق، شیغ علی، مجاہد، ساجد، عمران، سلمان ، مجیب ، ارشد ، عظمت ، جاویدا، مقیم، بشیر، ناظم، زبیر، فیروز و دیگر موجود تھے۔