حیدرآباد ۔ /22 جون (سیاست نیوز) چارمینار پولیس نے ایک خطرناک بین ریاستی ڈاکو کو پی ڈی ایکٹ کے تحت گرفتار کرتے ہوئے جیل بھیج دیا ۔ 41 سالہ امجد خواجہ امین شیخ متوطن تھانے مہاراشٹرا 17 سے زیادہ ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ہے ۔ جاریہ سال مارچ میں امجد خواجہ نے اپنے دیگر ساتھیوں کی مدد سے موسیٰ باؤلی پیٹلہ برج کے قریب واقع جیولری کے کارخانے میں ڈکیتی کی واردات انجام دیتے ہوئے 3.5 کیلو سونا لوٹ لیا تھا ۔ اس ضمن میں اسے گرفتار کرکے جیل بھیج دیا گیا تھا لیکن وہ اپنی غیرقانونی سرگرمیاں جاری رکھتے ہوئے عوام کو خوفزدہ کررہا تھا ۔ کمشنر پولیس نے اس کے خلاف پی ڈی ایکٹ نافذ کرتے ہوئے اسے جیل بھیج دیا ۔
ٹرین کی پٹریوں کو عبور کرنے کے دوران حادثہ، ایک شخص ہلاک
حیدرآباد۔/22 جون، ( سیاست نیوز) ٹرین کی پٹریوں کو عبور کرنے کے دوران ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ یہ واقعہ سکندرآباد ریلوے پولیس حدود میں پیش آیا۔ 67 سالہ شخص پوچیا جو پیشہ سے لیبر تھا کریم نگر علاقہ میں رہتا تھا۔ کل یہ شخص بیگم پیٹ اور سنجیویا پارک کے درمیان ریلوے لائن کو عبور کررہا تھا کہ ٹرین کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا۔ ریلوے پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔