مرکز نے بہار کیلئے خصوصی موقف کی درخواست مسترد کردی :تیجسوی یادو
پٹنہ ۔17 جولائی ۔( سیاست ڈاٹ کام ) قانون ساز اسمبلی میں اپوزیشن کے لیڈر تیجسوی پرساد یادو نے آج چیف منسٹر نتیش کمار پر زور دیا کہ بہار کے لئے خصوصی زمرے کے موقف والے مسئلہ پر عوام کو بیوقوف بنانا ترک کردیں کیونکہ مرکزی حکومت پہلے ہی اس مطالبہ کو مسترد کرچکی ہے ۔ اُنھوں نے نتیش کمار کا مضحکہ اُڑایا کہ گزشتہ روز اُنھوں نے پھر ایک بار دعویٰ کیا کہ ریاست مرکز کی طرف سے خصوصی زمرے کے موقف کی مستحق ہے ، اور طنزیہ طورپر اُن سے مطالبہ کیا کہ اپنے مطالبہ کی تکمیل کیلئے ’’اقوام متحدہ اور جی ۔8‘‘ سے رجوع ہوجائیں۔ تیجسوی نے سلسلہ وار ٹوئیٹس میں کہا کہ ڈیئر نتیش جی ! آپ کو یہ بھی ضرور بولنا چاہئے کہ آپ خصوصی زمرے کا موقف کس سے چاہ رہے ہیں ؟ کیا آپ جانتے نہیں کہ مرکزی وزیر نتن گڈکری کھلے طورپر اس مطالبہ کو مسترد کرچکے ہیں ؟ متعلقہ ویڈیو کا مشاہدہ کیجئے ۔ تیجسوی نے اپنی ٹوئیٹس کے ساتھ ایک ویڈیو بھی پوسٹ کیا جس میں مرکزی وزیر برائے روڈ ٹرانسپورٹ و ہائی ویز ، جہاز رانی اور آبی وسائل نتن گڈکری کو صاف طورپر دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ کوئی بھی ریاست بشمول بہار کے لئے خصوصی زمرہ کا موقف مسترد کرچکے ہیں۔ گڈکری نے تیجسوی کے پوسٹ کردہ ویڈیو میں کہا ہے کہ دستور میں خصوصی موقف عطا کرنے کی کوئی گنجائش نہیں ہے ۔ اور اگر کسی ریاست کو خصوصی درجہ دیا جاتا ہے تو دیگر (ریاستیں ) بھی یہی مطالبہ کرنا شروع کردیں گی ۔ ’’ ڈیئر نتیش چاچا جی ، اب بہار کے لئے خصوصی درجہ کو طلب کرنے کیلئے آپ کو یو این اور G-8 سے رجوع ہونا چاہئے ‘‘۔ انھوں نے ان طنزیہ الفاظ کے ساتھ نتیش کو یاددہانی کرائی کہ پی ایم کے وہ ویڈیوز بھی دیکھیں جہاں کئی مرتبہ اُنھوں نے بہار میں بہار کے لئے خصوصی موقف کا وعدہ کیا تھا ۔ تیجسوی نے سوال کیا کہ چیف منسٹر بہار کے لئے خصوصی درجہ عطا کرنے کیلئے اپنا کیس کس سے رجوع کررہے ہیں ۔ ریاست میں آپ کی حکومت اور مرکز میں بھی ۔ اُمید ہے امیت شاہ اور سشیل مودی اس کیلئے پاکستان کو مورد الزام نہیں ٹھہرائیں گے ۔ اپوزیشن لیڈر کے طنز بھرے تبصروں پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے بہار جے ڈی (یو) کے ترجمان اعلیٰ سنجے سنگھ نے کہا کہ تیجسوی کو پہلے اپنے انڈونیشیاء سفر کی وجہ کو پیش کرنا چاہئے ۔