خشک سالی سے متاثرہ علاقوں کا معائنہ

کلبرگی 22 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )ضلع کلبرگی کے خشک سالی سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کے لئے ڈپٹی کمشنر سنٹرل انیمل ہسبنڈری ڈپارٹمینٹ آر پی گپتا اور پینے کے پانی و صفائی سے متعلق سیکریٹریٹ کے اسسٹنٹ اڈوائیزر وجئے کمار بٹلا پر مشتتمل دو رکنی ٹیم نے جمعرات کے دن تعلقہ جیورگی کے مواضعات اوراد ،چگر ہلی، اور اجیری کا دورہ کرکے کسانوں سے تبادلہ خیال کیا ۔ کرناٹک راجیہ رعیت سنگھ کے سیکریٹری ملیکارجن سوامی اور دیگر کسانوں نے ضلع گلبرگہ میں خشک سالی کے سبب ان کے متاثرہ دیہاتوں کے حالات ارکان ٹیم کے سامنے پیش کئے ۔ چند کسانوں کا کہنا تھا چونکہ حکومت نے ان کی کوئی مدد نہیںکی ہے اس لئے وہ اپنے مویشیوں کو فروخت کرکے اپنی مالی ضروریات کی تکمیل کررہے ہیں ۔ اس موقع پر چراغ ہلی کے کسانوںکے لیڈر بسواراج پاٹل نے مرکزیٹیم کے ارکان کو روک کر ان سے مطالبہ کیا کہ انکی خشک سالی سے متعلق ٹیم صرف بڑی سڑک یا مین ہائی وے سے متصل کھیتوںکا معائنہ کررہی ہے جبکہ اسے دیہاتوں کے اندر پہنچ کر اندرونی علاقوں میں واقع کھیتوں کا بھی معائنہ کرنا چاہئے کیونکہ ان علاقوںمیں بھی کھیتوں اور فصلوں کو خشک سالی کے سبب زبردست نقصانات پہنچے ہیں ۔ ڈپٹی کمشنرکلبرگی مسٹر وپل بنسل نے مرکزکی خشک سالی سے متعلق ٹیم کو ایک رپورٹ پیش کی ۔ مرکزی ٹیم نے ضلع بیدر کے تعلقہ جات بشمول جنواڑا ، کوتھا، کائوڈ گائوں،شیب ہلی، اور تعلقہ اوراد کے شانتا پور گائوں کے کھیتوں کا بھی معائنہ کیا ہیَ۔ٹیم کے ارکان نے یادگیر ضلع روانگی سے قبل کلبرگی میں صحیفہ نگاران سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی رپورٹ ریاستی عہدہ داران سے تبادلہ خیال کے بعد مرکز کو پیش کردیں گے۔