خزانہ برآمد کرنے لڑکے کی بلی چار گرفتار

حیدرآباد 26 فبروری ( پی ٹی آئی) خزانہ حاصل کرنے کیلئے چھ سالہ لڑکے کی بلی چڑھا دی گئی۔ پولیس نے اس سلسلہ میں چار افراد اور ایک 15 سالہ لڑکے کو گرفتار کرلیا ۔یہ واقعہ 16 فبروری کو اچم پیٹ ضلع محبوب نگر میں پیش آیا تھا ۔ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس ٹی گوردھن نے کہا کہ یادگیری نامی شخص کالا جادو کرنے کا دعوی کیا کرتا تھا اس نے وینکٹیش اور بابو کو بتایا کہ خواب میں اسے ایک خفیہ خزانہ کا پتہ چلا ہے جسے حاصل کرنے کیلئے لڑکے کی بلی چڑھانی ہوگی چنانچہ ان دونوں نے سرکاری اسکول اچم پیٹ سے ایک لڑکے کا اغوا کرلیا ۔ انہوں نے سنسان مقام پر پوجا کی جس کے بعد لڑکے کے سر پر زور سے لکڑی ماری۔ وینکٹیش اور بابو نے اس کا گلہ گھونٹ دیا۔مہلوک لڑکے کے والدین نے جب اُن کا بچہ اسکول سے گھر واپس نہیں ہوا تو انہوں نے پولیس میں شکایت درج کروائی۔ اس کی نعش دوسرے دن ملی ۔ تمام ملزمین کو عدالت میں پیش کیا گیا جہاں انہیں عدالتی تحویل میں دیدیا گیا۔