خرابی صحت اور دیگر وجوہات پر خواتین کی خودکشی

حیدرآباد ۔ 23 جون (سیاست نیوز) خرابی صحت گھریلو مسائل اور مالی پریشانیوں کا شکار 4 خواتین نے خودکشی کرلی۔ یہ علحدہ واقعات ایس آر نگر چیتنہ پور، حیات نگر اور ملکاجگری پولیس حدود میں پیش آئے۔ ایس آر نگر پولیس کے مطابق 40 سالہ صادیقہ بیگم جو ایس آر نگر علاقہ کے ساکن محمد ظہیر کی بیوی تھی۔ یہ خاتون گھریلو ملازمہ کا کام کرتی تھی۔ کل اس نے خودسوزی کرلی جو علاج کے دوران فوت ہوگئی۔ پولیس ذرائع کے مطابق صادیقہ بیگم خرابی صحت سے کافی پریشان تھیں۔ چیتنہ پوری پولیس کے مطابق 28 سالہ وسنتا جو چیتنہ پوری علاقہ کے ساکن ونئے کمارکی بیوی تھی، اس نے کل پھانسی لیکر خو دکشی کرلی۔ پولیس ذرائع کے مطابق دو ہفتہ قبل وسنتا کے والد کی موت ہوگئی تھی اور تب سے یہ خاتون ذہنی تناؤ کا شکار ہوگئی۔ پولیس سمجھتی ہیکہ اس خاتون نے والد کی موت سے دلبرداشتہ ہوکر انتہائی اقدام کرلیا۔ حیات نگر پولیس کے مطابق 16 سالہ بھاگیہ عرف بھاگیہ لکشمی جو انٹر سال اول کی طالبہ تھی، حیات نگر علاقہ کے ساکن جنگا یاکی بیٹی بتائی گئی ہے۔ اس لڑکی نے 19 جون کو انتہائی اقدام کیا اور جسم پر کیروسین ڈال کر آگ لگائی جو علاج کے دوران کل رات فوت ہوگئی۔ ملکاجگری پولیس کے مطابق 35 سالہ پدما جو پیشہ سے مزدور اور جواہر نگر علاقہ کے ساکن سریدھر کی بیوی تھی۔ اس خاتون نے خرابی صحت سے تنگ آ کر کل رات پھانسی لیکر خودکشی کرلی۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے۔