خدمت خلق افضل ترین عبادت ہے
گریٹر ورنگل ایڈیشنل کمشنر شاہد مسعود کا خطاب
ورنگل /3 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) صفا بیت المال کی جانب سے غریب بیواؤں اور مریضوں میں ادویات و وظائف تقسیم پروگرام دفتر صفا بیت المال نظام پورہ ورنگل کے جلسہ سے گریٹر ورنگل میونسپل کارپوریشن ایڈیشنل کمشنر جناب شاہد مسعود نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سب سے افضل ترین عبادت خدمت خلق ہے۔ اللہ تعالی کا احسان عظیم ہے کہ اس نے ہم سب کو غریب بیواؤں، یتیموں اور بے سہارا افراد کی خدمت کا موقع فراہم کیا۔ یقیناً صفا بیت المال کی خدمت قابل تحسین ہیں۔ آج کے پروگرام میں بیواؤں میں وظائف کی تقسیم کے ساتھ ساتھ غریب مریضوں کو ادویات کی خریدی کے لئے مالی امداد بھی کی گئی۔ انھوں نے کہا کہ ہم جب کسی غریب اور مستحق کی مدد کرنے لگتے ہیں تو اللہ تعالی ہماری مدد فرماتا ہے۔ بڑی سے بڑی رکاوٹیں خود بخود دور ہوجاتی ہیں۔ بعض اوقات ہمیں یہ یقین ہونے لگتا ہے کہ غیبی طاقت ہماری مدد کر رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے بھی غریبوں کی مدد کے لئے کئی فلاحی اسکیمات جاری ہیں، لہذا ذمہ داران صفا بیت المال اس جانب توجہ دیں اور مستحق افراد کی رہبری کرتے ہوئے حکومت کی فلاحی اسکیمات سے استفادہ میں ان کی مدد کریں۔ انھوں نے اہل ثروت سے اپیل کی کہ اس طرح کے فلاحی کاموں میں آگے آئیں۔ اجتماعی نظام سے غریب مسلمانوں کی تعلیم، صحت، معیشت، یتیموں اور بیواؤں کی کفالت، قدرتی آفات و مختلف ناگہانی حادثات کے متاثرہ افراد کی مدد کی جاسکتی ہے۔ سماج میں ان غریبوں کو دوبارہ عزت و وقار کے ساتھ جینے کے مواقع فراہم کئے جاسکیں۔ انھوں نے کہا کہ خالق کائنات نے توازن برقرار رکھنے کے لئے کسی کو امیر اور کسی کو غریب بنایا ہے، تاہم امیر کی دولت میں ضرورت مندوں کا حق رکھا ہے۔ اس موقع پر صفا بیت المال ورنگل کے صدر مفتی منہاج احمد قیومی، حافظ ادریس، قاری بشیر احمد، حافظ جاوید احمد، محمد احمد، محمد امتیاز، مولانا عبد الرحیم، محمد صابر، محمد اسماعیل، محمد رفیع الدین، محمد جاوید حسین اور دیگر بھی موجود تھے۔