خدمت بینک کی سرگرمیوں میں توسیع

سنگاریڈی ۔ 21 ۔ اگسٹ ( ذریعہ فیاکس ) خدمت بینک ( حرف عام ) ضلع میدک میں پچھلے دو سالوں سے کامیابی کے ساتھ چل رہا ہے ۔ اس بینک کے 980 ممبرس ہیں جو سماج کے مختلف طبقہ سے تعلق رکھتے ہیں ۔ خدمت MACCS کے ممبروں کا سالانہ اجلاس 17 اگسٹ بمقام سنگاریڈی میں منعقد ہوا جس میں ممبروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ اس جنرل باڈی سے مخاطب کرتے ہوئے جناب ایم عبدالجبار صدیقی جنرل سکریٹری ہیومن ویلفیر فاؤنڈیشن نے کہا کہ ہم سماج کے مختلف مذاہب و ذاتوں سے تعلق رکھنے کے باوجود خدمت پریوار کے ممبر ہیں ۔ جناب عبدالجبار صدیقی نے تمام شرکاء کو دوبارہ حلف دلایا جو انہوں نے ممبر بنتے وقت کیا تھا کہ ۔ ٭ ہم شراب نوشی و نشہ نہیں کرینگے ۔ ٭ ہم اپنی بیویوں کے ساتھ مار پیٹ نہیں کرینگے اور ماں باپ کی عزت کرینگے ۔ ٭ ہم تعلیم کیلئے اپنے بچوں کو اسکول بھجوائیں گے ۔ ٭ ہم گھر و اطراف پاکی و صفائی کا اہتمام کریں گے ۔ جناب صدیقی نے کہا کہ خدمت بینک اپنے ممبرس کی معاشی ترقی و خوشحالی کیلئے جدوجہد کریگا ۔ اس کیلئے ضروری ہے کہ ہمارے ممبرس ایمانداری اور محنت سے معاشی سرگرمیوں میں مصروف رہیں اور اپنے کئے ہوئے عہد کے پابند رہیں ۔ جناب ایم جی انور صدر خدمت سوسائٹی نے کہا کہ سال 2013 – 14 میں ہمارا بینک 4.12 Crore کا کاروبار کیا جبکہ سال 2014 – 15 کیلئے ہمارا ٹارگیٹ 8 کروڑ کا ہے ۔ بینک اپنے ممبروں کو کاروباری قرض کی رقم 20 ہزار سے بڑھا کر 50 ہزار تک مقرر کیا ہے ۔ ہمارے بینک کے برانچس سنگاریڈی و سداسیو پیٹ کے علاوہ اب ضلع میدک کے دوسرے مقامات جیسے ظہیر آباد ، سدی پیٹ میں قائم کئے جائیں گے ۔ جنرل باڈی نے رپورٹ ، آڈیٹ رپورٹ اور سالانہ پلان کی توثیق کے علاوہ خدمت بینک کو ساری ریاست تلنگانہ میں توسیع دینے کا فیصلہ کیا ۔ اس موقع پر جناب سید حامد ڈائرکٹر فاؤنڈیشن ، جناب محمد ذکی الدین ڈائرکٹر فاؤنڈیشن ، جناب صلاح الدین بابا نائب صدر خدمت اور جناب محمد ریاض الدین سابق صدر نے بھی مخاطب کیا ۔