خانہ پور میں خوفناک سڑک حادثہ، 6 ہلاک

حیدرآباد ۔ /9 جنوری (سیاست نیوز) خانہ پور میں پیش آئے ایک خوفناک سڑک حادثہ میں 6 افراد بشمول 5 خواتین برسرموقعہ ہلاک ہوگئی جبکہ تین افراد شدید زخمی ہوگئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ جنارام سے نرمل کی سمت آنے والی تیزرفتار گوڈس لاری نے ایک پاسنجر آٹو کو کڑم علاقہ کے قریب ٹکر دیدی جس کے نتیجہ میں ایک خوفناک حادثہ پیش آیا ۔ اس حادثہ میں آٹو کے پرخچے اڑگئے اور 6 افراد جن کی شناخت 45 سالہ اے بھیم راؤ ، 35 سالہ شاردا بائی ، 30 سالہ جی شلیجا ، 30 سالہ کملا بائی ، 17 سالہ گنگامنی اور 30 سالہ گریجا بائی کی حیثیت سے کی گئی ہے جو برسرموقعہ ہلاک ہوگئے ۔ اس حادثہ میں تین افراد شدید زخمی ہوگئے جن کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔ اس حادثہ کی اطلاع ملنے پر سب ڈیویژنل پولیس آفیسر نرمل مسٹر ٹی منوہر ریڈی جائے حادثے پر پہونچ کر متعلقہ پولیس ٹیم کو وہاں طلب کرلیا اور نعشوں کو بذریعہ ٹریکٹر خانہ پور کے سرکاری ہاسپٹل منتقل کیا گیا ۔ جائے حادثہ کا معائنہ کرنے کیلئے وہاں کے آر ڈی او سی ایچ شیوا لنگیا بھی پہونچ گئے اور اس سلسلے میں تمام تفصیلات حاصل کی ۔ کڑم پولیس نے اس سلسلے میں ایک مقدمہ درج کرلیا ہے جبکہ لاری ڈرائیور اس حادثہ کے بعد وہاں سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ۔ حادثہ کے سبب ٹریفک کی آمد و رفت میں خلل پیدا ہوگیا اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے حادثہ کا شکار ہوئے آٹو کو وہاں سے منتقل کردیا جبکہ لاری کو ضبط کرلیا گیا ہے ۔