حیدرآباد۔/28 مئی، ( سیاست نیوز) سنٹرل کرائم اسٹیشن سی سی ایس پولیس نے دھوکہ دہی کے الزام میں خانگی کمپنی کے منیجنگ ڈائرکٹر اور دیگر کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق سنتوش الوری ورما جو مائی اون ایکو انرجی پرائیویٹ لمیٹیڈ کا منیجنگ ڈائرکٹر ہے نے کئی افراد سے اس کمپنی میں بائیو ڈیزل فیول اسٹیشنس اور ڈیلر شپ فراہم کرنے کے بہانے 1.4 کروڑ حاصل کئے تھے۔ اس دھوکہ دہی میں ورما کے علاوہ ساریکا شنڈے انیرودا، گنٹوری سرینواس بھی شامل ہے۔ پولیس نے بتایا کہ مذکورہ افراد نے 2017 میں علاقہ بیگم پیٹ میں ایک ادارہ قائم کیا اور سنگاپور سے ڈیزل درآمد کرنے اور اس کی ڈیلر شپ دینے کیلئے فی کس 9 تا15 لاکھ روپئے حاصل کئے اور ڈیلر شپ فراہم کرنے میں ناکام رہے۔ پولیس نے بتایا کہ مذکورہ ملزمین نے 20 افراد سے 5 کروڑ روپئے حاصل کئے تھے اور اس ضمن میں سی سی ایس میں دو علحدہ مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ تحقیقات کے بعد پولیس نے دھوکہ بازوں کو گرفتار کرلیا اور انہیں عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل بھیج دیا گیا۔