خانگی اسکول ڈائرکٹر کے اغواء میں ملوث چھ رکنی ٹولی گرفتار

حیدرآبادیکم / جنوری ( سیاست نیوز ) رچہ کنڈوہ کی اسپیشل آپریشن ٹیم نے ( ایس او ٹی ) خانگی اسکول کے ڈائرکٹر کے اغواء میں ملوث 6 رکنی اغواء کنندوں کی ٹولی کو گرفتار کرلیا گیا ۔ پولیس نے بتایا کہ جی سدانند عرف نندو اس اغواء معاملہ کا اہم ملزم ہے اور اس کا تعلق پدا پلی ضلع سے ہے اور اس نے میڈی پلی میں واقع پلوی ماڈل اسکول کے ڈائرکٹر سشیل کا اغواء کیا تھا ۔ پولیس نے مزید بتایا کہ اغواء کرنے کے بعد اغواء کنندوں نے سشیل سے ایک کروڑ تاوان کا مطالبہ کیا ۔ تحقیقات کے دوران پولیس کو یہ معلوم ہوا کہ سال 2016 میں ہی سشیل کے اغواء کا منصوبہ تیار کیا گیا تھا اور اس کیس کے اہم ملزم نندو نے اپنے دوست یونس خان کو اس اغواء کیلئے استعمال کیا ۔ اسکول ڈائرکٹر کے اغواء کے بعد اس کے چہرے پر نقاب ڈال کر کیسرا علاقہ لے جایا تھا جہاں پر اس کی کنپٹی پر بندوق رکھ کر دھمکایا گیا ۔ ایس او ٹی نے اغواء کنندوں کا تعاقب کرتے ہوئے 6 اغواء کنندوں سی سنتوش ، اے راہول ، وائی کرن ، ای نریش ، محمد یونس خان ، کے راجکمار کو گرفتار کرلیا جبکہ اس کیس کا اہم ملزم سدانند عرف نندو ہنوز مفرور ہے ۔ پولیس نے اغواء کنندوں کے قبضہ سے ایک پستول ، چھ کاروس ، تین کاریں ، ایک طلائی چین ، موبائیل وغیرہ ضبط کرلئے اور بعد ازاں انہیں عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل بھیج دیا گیا ۔