بھوپال 16 مئی (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کی کامیابی کے اشارے ملنے پر سشما سوراج نے آج کہاکہ یہ خالص بی جے پی کی کامیابی ہے کیوں کہ اِسے اپنے بل بوتے پر اکثریت حاصل ہوگئی ہے۔ لیکن اُنھوں نے وزیراعظم کے بارے میں سوالات کے جواب دینے سے انکار کرتے ہوئے کہاکہ یہ پارٹی کی ذمہ داری ہے۔ مودی حکومت میں اُن کی شمولیت کے بارے میں سوال پر سشما سوراج نے کہاکہ یہ سوال مفروضہ پر مبنی اور قبل ازوقت ہے۔ یہ وزیراعظم کا اختیار تمیزی ہوتا ہے کہ وہ اپنی کابینہ منتخب کرے۔ افواہیں گرم ہیں کہ سشما سوراج کو اُن کی پسند کا کابینی قلمدان نہیں دیا جارہا ہے جو اُن کے رتبہ کے مطابق ہو۔ وہ داخلہ، دفاع، خارجہ یا فینانس کے قلمدان کی خواہشمند تھیں۔ ناگپور سے موصولہ اطلاع کے بموجب بی جے پی کے سابق صدر نتن گڈکری نے کہاکہ کانگریس زیرقیادت یوپی اے حکومت کو عوام نے ناقص حکمرانی، افراط زر اور کرپشن کی سزا دی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ نریندر مودی کی قیادت میں بی جے پی نے بے مثال کامیابی حاصل کی ہے۔ اُنھوں نے اپنے قلمدان کے بارے میں سوال کا جواب دینے سے گریز کرتے ہوئے کہاکہ وہ کوئی بھی ذمہ داری نبھانے تیار ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ بی جے پی کو اپنے بل بوتے پر اکثریت حاصل ہونے کے باوجود بی جے پی اُس کے ایجنڈہ سے متفق پارٹیوں کو این ڈی اے میں شامل کرنے کے لئے اپنے دروازے کھلے رکھتی ہے اور کسی بھی حلیف پارٹی کا خیرمقدم کیا جائے گا تاکہ ملک کی ترقی یقینی بنائی جاسکے۔ اُنھوں نے تیقن دیا کہ ملک کے تمام دیہاتوں کو اور بحیثیت مجموعی پورے ملک کو ترقی دی جائے گی۔