خالدہ ضیاء کیخلاف کرپشن کیس کا آغاز

ڈھاکہ ، 22 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیش کی اپوزیشن رہنما بیگم خالدہ ضیاء کے خلاف 6.5 لاکھ ڈالر کی خرد برد کے دو کرپشن کیسوں کی سماعت آج سے شروع ہو رہی ہے۔ قصور وار ثابت ہونے پر اْنہیں عمر قید تک کی بھی سزا ہو سکتی ہے۔سکیورٹی وجوہات کی بناء پر انہوں نے عدالتی کارروائی میں شریک ہونے سے معذرت کر لی ہے۔ بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی بی این پی کی سربراہ خالدہ ضیاء نے، جو دو مرتبہ ملک کی وزیر اعظم رہ چکی ہیں، کہا ہے کہ سیاسی وجوہات کی بناء پر بنائے گئے ان مقدمات کا مقصد اْن کی جماعت بی این پی کو تباہ کرنا ہے۔
اپوزیشن اتحاد کی ہڑتال کا معمولی اثر
اس دوران بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی زیر قیادت 20 جماعتی اتحاد کی اس دستوری ترمیم کے خلاف جس کے ذریعہ پارلیمنٹ کو سپریم کورٹ ججوں کو برخاست کرنے کی اجازت دی گئی ، عام ہڑتال کا آج معمولی اثر دیکھنے میں آیا جبکہ ڈھاکہ کی مصروف سڑکوں پر گاڑیاں لگ بھگ معمول کے مطابق چل رہی ہیں۔