خاتون کے ساتھ ساتھ سیاہ فام ہونا کافی چیلنجنگ ہے : سرینا

نیویارک، 28ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) دنیائے ٹینس کی اسٹار امریکہ کی سرینا ولیم کا خیال ہے کہ ایک خاتون ہونے کے ساتھ ساتھ سیاہ فام ہونے سے انہیں کریئر میں بہت سے چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔22 مرتبہ کی گرانڈ سلام چمپئن سرینا کیلئے سال 2016ء کچھ خاص نہیں رہا جہاں وہ تین اہم ٹورنامنٹوں کے فائنل میں پہنچیں لیکن صرف ایک ہی جیت سکی اور ساتھ ہی 187 ہفتوں تک دنیا میں نمبر ون رہنے کے بعد اپنی ٹاپ رینکنگ بھی گنوا بیٹھیں لیکن اس کے باوجود سرینا کو دنیا کی بہترین ٹینس کھلاڑی کہا جاتا ہے ۔ تاہم کریئر کی اتنی بلندیوں کے باوجود سرینا کا خیال ہے کہ خاتون ہونے کی وجہ سے ان کی کامیابیوں کو اتنی اہمیت نہیں دی گئی جتنی مردوں کے حصہ میں آتی ہے ۔  امریکی اسٹار نے انٹرویو میں کہا: ’’مجھے لگتا ہے کہ ایک عورت اور اس کے ساتھ ہی سیاہ فام ہونے سے معاشرے میں انہیں کئی پریشانیاں اٹھانی پڑی ہیں۔لیکن دیر سے ہی سہی، میں ان خواتین کے حقوق کے سلسلے میں بات کر سکتی ہوں جو اُن کے رنگ کی وجہ سے انہیں نہیں مل پاتا ہے ۔ شاید اگر میں مرد ہوتی تو مجھے یقیناً بہت پہلے بڑا کھلاڑی تسلیم کر لیا جاتا۔ جب نسل پرستی یا خواتین کے بارے میں کچھ قابل اعتراض بات ہو تو آپ کیلئے کچھ کہے بغیر رہنا مشکل ہوتا ہے۔‘‘