نظام آباد : 25 ؍ مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)جہیز کیلئے ہراساں کرنے پر ایک خاتون نے پھانسی لیکر خودکشی کرلی۔ یہ واقعہ بالکنڈہ منڈل کے ناگم پیٹ میں پیش آیا۔ ڈی ایس پی آرمور رام ریڈی کی اطلاع کے بموجب بالکنڈہ منڈل کے نلور سے تعلق رکھنے والی کلپنا کی شادی ناگم پیٹ کے ستیش سے 2013 ء میں ہوئی تھی اور شادی کے موقع پر 2لاکھ روپئے نقد اور ایک تولہ سونا کا معاہدہ کیا گیا تھا اور ایک لاکھ روپئے نقد، ایک تولہ سونا دیا گیا تھا اور باقی رقم کیلئے وقت حاصل کیا گیا تھا۔ گذشتہ چار ماہ سے کلپانہ کے خسر سوامی اور شوہر ستیش کلپنا کو ہراساں کررہے تھے جس پر پنچایت میں کلپنا کے رشتہ دار نے مکان فروختگی کے بعد ایک لاکھ روپئے ادا کرنے کا ارادہ ظاہر کیا تھا لیکن ہراساں کا سلسلہ جاری تھاجس پر دلبرداشتہ ہوکر کلپنا نے سسرالی مکان میں پھانسی لیکر خودکشی کرلی۔ اطلاع کے ملتے ہی ڈی ایس پی آرمور رام ریڈی نے مقام حادثہ کو پہنچ کر تفصیلات حاصل کی اور اس کیس کو بالکنڈہ پولیس درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا۔
دو موٹر سیکلوں میں تصادم
6افراد شدید زخمی
پٹلم۔/25مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مستقر پٹلم سے بانسواڑہ روڈ سری سائی گارڈن فنکشن ہال کے مقابل کل رات دو موٹر سیکلوں میں خوفناک تصادم ہوا۔ بانسواڑہ سے ایک موٹر سیکل پر 4افراد سوار ہوکر پٹلم آرہے تھے۔ پٹلم سے ایک موٹر سیکل پر سوار ہوکر دو افراد گوڑی تانڈا جارہے تھے۔ اچانک دو موٹر سیکلوںمیں تصادم ہوگیا۔ ایم شیکھر، وجئے کمار،دتوں، رمیش ایک موٹر سیکل پر سوار تھے۔ انجیا، لمبڈی گوپال ایک موٹر سیکل پر سوار تھے جملہ 6افراد شدید زخمی ہونے پر گورنمنٹ ہاسپٹل پٹلم میں طبی امداد پہنچاکر گورنمنٹ ہاسپٹل نظام آباد کو ایمبولنس کے ذریعہ منتقل کیا گیا جہاں وہ زیر علاج ہیں جن میں انجیا، دتوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی۔ سب انسپکٹر مسٹر کے سریدھر ریڈی نے ایک کیس درج رجسٹر کرکے دونوں موٹر سیکلوں کو تحویل میں لیتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا۔