خاتون کی تصویر سے چھیڑ چھاڑ ، ویب سائیٹ پر فون نمبر کے ساتھ درج کرنے پر طالب علم گرفتار

فون کالس وصولی پر خاتون ہراسانی کا شکار، راچہ کنڈہ پولیس کی سخت کارروائی
حیدرآباد۔/24اگسٹ، ( سیاست نیوز) خاتون کی تصویر کے ساتھ چھیڑ چھاڑ اور عریاں ویب سائیٹ پر تصویر اور فون نمبر درج کرنے والے ایک طالب علم کو راچہ کنڈہ پولیس نے گرفتار کرلیا۔ راچہ کنڈہ سائبر سیل نے بڑنگ پیٹ علاقہ سے 21 سالہ وی بھانو پرکاش کو گرفتار کرلیا جو خاتون کو ہراساں کررہا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ بدسلوکی اور رسواکن فون کالس کی مسلسل حصولی اور ہراسانی کے خلاف خاتون نے شکایت کی تھی۔ راچہ کنڈہ پولیس نے خاتون کی شکایت پر کارروائی کے دوران انجینئرنگ کے طالب علم بھانو پرکاش کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق بھانو پرکاش نے دشمنی نکالنے اور بدلہ لینے کی غرض سے اس خاتون کی تصویر کا استعمال کیا۔ اس نے خاتون کی تصاویر کو فیس بک سے حاصل کرتے ہوئے ان تصاویر سے چھیڑ چھاڑ کی اور عریاں ویب سائیٹ پر تصویر کو ڈال دیا اور خاتون کا فون نمبر بھی درج کردیا۔ اس خاتون کو جو ایک باعزت پیشہ سے وابستہ بتائی گئی ہے اس طالب علم نے اسے جسم فروش خاتون ثابت کرنے کی کوشش کی اور عریاں ویب سائیٹ پر تفصیلات بھی درج کردی کہ عریاں چیاٹنگ کیلئے علحدہ قیمت ، عریاں تصاویر دکھانے کیلئے علحدہ قیمت اور جسم فروشی کے لئے علحدہ قیمت ۔ اس طرح سے تفصیلات پیش کرنے کے بعد خاتون کے موبائیل نمبر پر فون کالس کا سلسلہ شروع ہوگیا اور اجنبی افراد طرح طرح کی باتیں کرنے لگے۔ اس طرح کی حرکتوں سے پریشان حال خاتون نے سائبر سیل سے شکایت کردی۔ بھانو پرکاش کی گرفتاری کے بعد پولیس نے وجوہات بتاتے ہوئے کہا کہ بھانو اور اس کا ساتھی اکھیل ایک ہی کالج میں زیر تعلیم ہیں اور ایک پراجکٹ گروپ کے ٹکنیکل ممبرس ہیں۔ جاریہ سال 12 اپریل کو اکھیل اپنی کلاس میں گر کر زخمی ہوگیا اور ساتھیوں نے اس کی ابتدائی طبی امدادکی۔ اس دوران ایک خاتون اسسٹنٹ پروفیسر اور بھانو پرکاش میں بحث تکرار ہوئی جس کے بعد اس نے دشمنی اور بدلہ لینے کے لئے یہ حرکت کی۔ پولیس نے گرفتار طالب علم کو عدالتی تحویل میں دے دیا۔