نئی دہلی 3 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) راجیہ سبھا میں آج وقفہ صفر کے دوران کانگریس کے رکن راجیو شکلا نے وزارت اسپورٹس سے مطالبہ کیاکہ وہ ملک میں شاندار مظاہرے کررہی خاتون کھلاڑیوں کو بہتر سہولیات اور اِس شعبے کو فروغ دینے کے لئے مخصوص پالیسی بنائے۔ راجیو شکلا نے کہاکہ ہندوستانی خاتون کھلاڑیوں کے حالیہ برسوں میں مظاہرے غیرمعمولی ہیں لہذا ملک میں خاتون زمرے کے کھیلوں کو فروغ دینے کے لئے مخصوص پالیسی بنائی جانی چاہئے۔ انھوں نے آئی سی سی ورلڈکپ کے فائنل تک قومی خاتون ٹیم کی رسائی کا حوالہ دینے کے علاوہ ٹینس میں ثانیہ مرزا، بیڈمنٹن میں سائنا نہوال اور پی وی سندھو، ریسلنگ میں پھوگٹ بہنوں کے علاوہ باکسنگ میں میری کوم کی فتوحات کی طرف توجہ مبذول کروائی۔ شکلا نے مزید کہاکہ خاتون ریسلرس پر بننے والی بالی ووڈ فلم دنگل نے باکس آفس پر کامیابی حاصل کی ہے اور اِس فلم نے کئی لڑکیوں کی ریسلنگ میں دلچسپی بڑھادی ہے لہذا مطالبہ کیا جاتا ہے کہ خاتون کھلاڑیوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جانی چاہئے تاکہ وہ اولمپکس میں ہندوستان کے لئے میڈلس کی تعداد بڑھاسکیں۔
جھاجریا اور سردار سنگھ کے نام کی کھیل رتن کیلئے سفارش
نئی دہلی 3 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) دیویندریا جھاجریا آج ایسے پہلے پیرا اولمپین بنے ہیں جن کے نام کی ہندوستان کے کھیل کے سب سے بڑے اعزاز راجیو گاندھی کھیل رتن کیلئے سفارش کی گئی ہے۔ سابق ہاکی کپتان سردار سنگھ کے نام کی بھی سفارش کی گئی ہے۔ نوجوان تھروور جھاجریا ہندوستان کے ایسے پہلے پیرا اولمپین بنے ہیں جنھوں نے ملک کے لئے دو گولڈ میڈل حاصل کئے ہیں۔ علاوہ ازیں کمیٹی نے مڈ فیلڈر سردار سنگھ کو نامزدگیوں کی فہرست میں دوسرا مقام دیا ہے۔ یاد رہے 2004 ء ایتھنز گیمز کے علاوہ گزشتہ برس ریو پیرا اولمپکس میں 36 سالہ جھاجریا نے ہندوستان کے لئے گولڈ میڈل حاصل کئے ہیں۔