حیدرآباد /28 نومبر ( سیاست نیوز ) مشیرآباد پولیس نے دارالشفاء کے ساکن میر طہور علی کو گرفتار کرلیا جس نے شادی شدہ خاتون پر حملہ کرکے طلائی زیورات لوٹ نے کی ناکام کوشش کی تھی ۔ ایڈیشنل انسپکٹر مشیرآباد مسٹر حسیب اللہ نے بتایا کہ 30 سالہ الیکٹریشن میر طہور علی نے 20 نومبر کو رام نگر مشیرآباد کی ساکن خاتون جے رشیکا کے مکان میں داخل ہوکر اس کے جسم پر موجود طلائی زیورات لوٹنے کی کوشش کی تھی ۔ انہوں نے بتایا کہ سابق میں طہور علی خاتون کے مکان پہونچکر OLX ویب سائیٹ پر دئے گئے اشتہار کے ذریعہ صوفہ سیٹ خریدا تھا اور دوبارہ ڈائننگ ٹیبل خریدنے کے بہانے وہ مکان پہونچکر خاتون طلائی زیورات لوٹنے کی ناکام کوشش کی ۔ بتایا جاتا ہے کہ گرفتار ملزم نے رشیکا کے شوہر کی عدم موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مکان میں داخل ہوکر اس پر آہنی سلاخ سے حملہ کردیا جس میں وہ شدید زخمی ہوگئی اور اس کے سر پر گہرا زخم آیا ۔ لوٹنے میں ناکام الیکٹریشن وہاں سے فرار ہوگیا لیکن پولیس نے اسے اندرون 8 یوم گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کرلی ۔