خاتون رپورٹر سے نامناسب گفتگو، گیل پر جرمانہ

ہوبارٹ۔5 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) ویسٹ انڈیز کے جارحانہ بیٹسمین کرس گیل کو خاتون رپورٹر سے نامناسب گفتگو کرنے پر معافی مانگنے کے علاوہ جرمانہ بھی ادا کرنا پڑرہاہے۔ ملبورن رینی گیڈ کلب نے اسٹار کرکٹر پر دس ہزار ڈالر جرمانہ عائد کر دیا۔ آسٹریلیا میں رواں بِگ بیش کے انیسویں میچ میں اکتالیس رنز کی فاتحانہ اننگز کھیل کر کرس گیل واپس آئے تو خاتون اینکر نے ان سے مظاہرے پر سوال کیا تو کرکٹر نے الٹا ہی جواب دیا اور رپورٹر سے بدتمیزی شروع کر دی۔تاہم  بعد میں رپورٹر سے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ صرف مذاق ہی تو کیا تھا۔ملبورن رینی گیڈ کلب نے کارروائی کرتے ہوئے کرس گیل پر دس ہزار ڈالر جرمانہ عائد کر دیا ، جرمانے کی رقم جینی میگرا فاونڈیشن کو عطیہ دی جائے گی۔بگ بیش لیگ کے سربراہ نے آسٹریلیائی  ٹی وی پر براہ راست نشر ہونے والے انٹرویو کے دوران خاتون رپورٹر سے متعلق کرس گیل کے ریمارکس پر تنقید کی ہے۔ لیگ کے ایک میچ میں 15 گیندوں پر 41 رنز بنانے کے بعد ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان نے ٹی وی رپورٹر میل مکلاگلن کو اپنے ساتھ باہر جا کر ڈرنک پینے کی دعوت دی۔انہوں نے گفتگو کے دوران خاتون کو ’ شرماؤ مت‘ بھی کہا۔ گیل کی اس گفتگو کو سوشیل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا جبکہ لیگ کے سربراہ انتھونی ایورڈ نے اسے ’توہین آمیز اور نامناسب‘ قرار دیا۔ قبل ازیں ٹوئٹر پر جاری بیان میں انتھونی نے کہا کہ وہ یقیناً اس حوالے سے گیل اور ان کی ٹیم سے بات کریں گے۔اس طرح کے رویے کی بگ بیش تو کیا بلکہ کرکٹ میں کہیں بھی کوئی جگہ نہیں۔روزنامہ ہیرالڈ سن نے چینل ٹین کے  اسپورٹس سربراہ ڈیوڈ برہام کے حوالے سے کہا کہ ان کا چینل اس واقعہ پر انتہائی ناراض ہے ۔ برہام نے کہا کہ آئندہ کسی بھی میچ کے دوران تبصرے کیلئے گیل کو میدان پر مائیکروفون نہیں لگایا جائے گا۔